عمران فاروق قتل کیس ، وزارت داخلہ اور سکاٹ لینڈ یارڈ میں مذاکرات

ہفتہ 4 جولائی 2015 11:24

عمران فاروق قتل کیس ، وزارت داخلہ اور سکاٹ لینڈ یارڈ میں مذاکرات

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جولائی2015ء) عمران فاروق قتل اور منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، پاکستانی وزارت داخلہ کی خصوصی ٹیم نے سکاٹ لینڈ یارڈ کے حکام سے لندن میں ملاقات کی اور اہم معلومات کا تبادلہ کیا ۔ ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی کی قیادت میں پاکستانی وزارت داخلہ کی ٹیم نے لندن میں سکاٹ لینڈ یارڈ کے حکام سےخصوصی ملاقات کی ۔

انہوں نے عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے شواہد سکا ٹ لینڈ یارڈ حکام کے حوالے کئے جبکہ پاکستان میں گرفتار ملزموں کے حوالے سے اہم معلومات بھی فراہم کیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم نے الطاف حسین کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے بھی انتہائی اہم شواہد برطانوی حکام کے حوالے کئے ۔ رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پیشی بھی ہے اس تناظر میں وزارت داخلہ کی ٹیم کی ملاقات اہم تصور کی جا رہی ہے ۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کے تبادلے کے حوالے سے بھی وزارت داخلہ کی ٹیم نے تبادلہ خیال کیا ۔ دوسری جانب ایس ایس ساجد کیانی نے والتھم فارسٹ میں ایک تقریب میں شرکت کی جس میں انہیں میئر آف والتھم فارسٹ کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی ۔