سعودی عرب ،طائف میں پولیس کا آپریشن، تین داعشی دہشت گرد گرفتار، ایک اہلکار شہید

ہفتہ 4 جولائی 2015 12:38

سعودی عرب ،طائف میں پولیس کا آپریشن، تین داعشی دہشت گرد گرفتار، ایک ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء )سعودی عرب کی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے طائف شہر میں مکان میں چھاپے کے دوران تین داعشی دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا جب کہ آپریشن کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ پولیس نے طائف گورنری کی مشرقی کالونی میں ایک اشتہاری کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔

(جاری ہے)

اس دوران دہشت گردوں نے مکان کے اندر سے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد دہشت گردوں نے خود کو حکام کے حوالے کردیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق وشام "داعش" کے پرچم، سائلنسر اور لیپ ٹاپ قبضے میں لیے گئے ہیں۔ترجمان نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کیے گئے آپریشن میں شہید اہلکار کی شناخت فرسٹ سارجنٹ عوض سراج المالکی کے نام سے کی ہے۔ وزارت داخلہ نے ایک دوسرے اشتہاری یوسف عبدالطیف شباب الغامدی کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والوں کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔