جنازے پر سیلفی ۔۔۔ امیتابھ بچن نے بھی رد عمل کا اظہار کر دیا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 6 جولائی 2015 11:22

جنازے پر سیلفی ۔۔۔ امیتابھ بچن نے بھی رد عمل کا اظہار کر دیا۔

ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 06 جولائی 2015 ء): سیلفی لینا ہر انسان کے لیے ایک معمول کی بات بن گیا ہے. البتہ کیمرہ کو کب اور کہاں نکالنا مناسب ہے اس بات سے ابھی بھی کچھ لوگ آگاہ نہیں ہیں. کسی سوگوار ماحول میں بھی کچھ لوگوں کا ”سیلفی کا جنون “ سر اٹھا ہی لیتا ہے. بھارتی اداکار امیتابھ بچن کو بھی ایسی ایک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک دوست کے جنازے کے وقت کچھ لوگوں کے ”سیلفی“ لینے پر تنقید کی اور اسے ”قابل نفرت“ عمل قرار دیا ۔

اس بارے میں امیتابھ بچن نے اپنے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ذکر کیا ہے۔اپنے دوست کا نام تو انہوں نے نہیں بتایا صرف اتنا کہا کہ وہ دہلی میں رہتے تھے۔انھوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ”میرے پیارے دوست کا اچانک انتقال ہوگیا، بات چیت کر رہے تھے اور اچانک چلے گئے، خلا چھوڑ گئے“. دوست کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ امیتابھ نے اپنے دوست کے جنازے پر آئے ہوئے لوگوں کے سیلفی لینے پر تنقید بھی کی۔

(جاری ہے)

ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا ہے کہ جنازے کے وقت لوگ موبائل فون سے تصاویر اور ”سیلفی“ لے رہے تھے۔ یہ عمل بڑا ہی قابل نفرت تھا۔ ان لوگوں میں میت کا کوئی احترام نہیں اور جو میت کو خراج تحسین پیش کرنے آئے ہیں، ان کے لئے بھی کوئی احترام نہیں۔دراصل یہ لوگ امیتابھ کو دیکھ کر ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کر رہے تھے۔فیس بک پر امیتابھ بچن کے اس بیان کو 40 ہزار سے زیادہ لوگوں نے لائیک کیا جبکہ ان کی ٹویٹ کو487 بار ری ٹویٹ کیا جا چکا ہے۔