پالی کیلے ٹیسٹ ، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 2 وکٹیں کھو کر 99رنز بنا لیے

پیر 6 جولائی 2015 14:36

پالی کیلے ٹیسٹ ، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 2 وکٹیں کھو کر 99رنز بنا ..

پالی کیلے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6جولائی۔2015ء) سری لنکا نے پاکستان کو پالی کیلے ٹیسٹ میں جیت کے لئے 377 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں پاکستان نے چائے کے وقفے پر دو وکٹیں کھو کر نناوے رنز بنا لیے ہیں ۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے روزسری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 313 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد قومی ٹیم کو جیت کے لئے 377 رنزکا ہدف ملا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے مایوس کن انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور اوپننگ بلے باز احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے سرنگا لکمل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

شان مسعود اور اظہر علی نے دوسری وکٹ پر رنز بنانا شروع کئے تو 13 کے مجموعی اسکور پر اظہرعلی 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونس خان نے شان مسعود کے ساتھ ملکر سری لنکا کو مزید وکٹ نہ لینے دی اور پاکستان نے چائے کے وقفے پر دو وکٹیں کھو کر نناوے رنز بنا لے ، شان مسعود‌ 52 اور یونس خان 41 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ، سری لنکا کی جانب سے سرنگا لکمل اور دھمیکا پراساد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

اس سے قبل سری لنکا نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو کپتان انجیلو میتھیوز 77 اور چندیمل 39 رنزکے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 117 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو 278 کے مجموعے پر چندیمل 67 رنز بنانے کے بعد عمران خان کا شکار ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز دھمیکا پرساد بھی اگلی ہی گیند پر عمران خان کا شکار بننے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ تھرندو کشال 8 رنز ہی بنا سکے، انجیلو میتھیوز122، سورنگا لکمل صفر رنز بنا سکے اور نوان پرادیپ 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عمران خان نے 5، راحت علی نے 3، یاسر شاہ 2 اوراحسان عادل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلے اننگز میں 278 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز بنا سکی تھی۔