ایشنز سے قبل آسٹریلیا اور انگلش پلیئرز میں تناوٴ بڑھ گیا

پیر 6 جولائی 2015 14:52

ایشنز سے قبل آسٹریلیا اور انگلش پلیئرز میں تناوٴ بڑھ گیا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ایشز ٹیسٹ سے قبل ہی تناوٴ میں اضافہ ہوگیا، دو برس قبل جوئے روٹ کو پڑنے والے تھپڑ کی گونج نے ماحول گرما دیا۔انگلش کرکٹر نے ڈیوڈ وارنر کی واقعے کے حوالے سے وضاحت کو مضحکہ خیز قرار دے دیا، دوسری جانب کینگرو بیٹسمین کہتے ہیں کہ روٹ کو شوق ہے تو ’ری میچ‘ رکھ لیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز بدھ سے کارڈف میں شروع ہورہی ہے مگر اس سے قبل دو برس پرانے واقعے نے دونوں کیمپوں کے درمیان تناوٴ بڑھا دیا ہے۔ 2013 میں چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد چند آسٹریلوی کھلاڑی لندن کے بار میں شراب نوشی میں مصروف تھے جہاں پر کچھ انگلش پلیئر بھی پہنچ گئے، وہیں پر آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے انگلش کرکٹر جوئے روٹ کو تھپڑ رسید کردیا تھا، جس پر انھیں بعد میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے دو ٹیسٹ میچز کیلیے معطل کردیا گیا تھااور کینگروز وہ سیریز ہار گئے تھے۔

(جاری ہے)

وارنر نے گذشتہ روز اس دو سال پرانے واقعے کے اسباب بتاتے ہوئے کہا تھا کہ چونکہ روٹ منہ پر نکلی داڑھی لگا کر ہاشم آملا کی نقل اتار رہا تھا اس لیے انھیں غصہ آگیا اور چونکہ وہ نشے میں تھے اس لیے ہاتھ بھی اٹھا بیٹھے۔ دوسری جانب جوئے روٹ نے ان کی اس وضاحت کو مضحکہ خیز قرار دے دیا ہے۔ انھوں نے ٹویٹر پر کہا کہ سب سے زیادہ مایوسی مجھے اس بات پر ہوئی ہے کہ میرے کیریکٹر پر سوال اٹھائے جارہے ہیں، جو لوگ مجھ جانتے ہیں وہ سمجھ گئے ہوں گے کہ ڈیوڈ وارنر نے جو بہانہ بنایا ہے وہ کتنا مضحکہ خیز ہے، بہرحال یہ ان کی جانب سے اپنی حرکت کو درست قرار دینے کی ایک کوشش ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ میری توجہ پہلے ایشز ٹیسٹ پر مرکوز اور میں اس حولے سے کافی پرجوش ہوں۔ادھر وارنر نے اپنے ایک ملکی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جوئے کو ٹیکسٹ میسج کردیا تھا لیکن جس طرح یہ واقعہ اچھالا گیا مجھے ان کو رنگ میں آکر ری میچ کا کہنا چاہیے تھا۔