پاکستان علماء کونسل جمعہ17جولائی ”یوم تحفظ قبلتین “کے طور پر منائے گی

ملک بھر کی 76ہزار چار سوسے زائد مساجد میں علماء ،خطباء ”اسلام کا پیغام امن و سلامتی “کے موضوع پر خطبات جمعہ دیں گے،حافظ طاہر اشرفی

پیر 6 جولائی 2015 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر وفاق المساجد پاکستان سے متصل ملک بھر کی 76ہزار چار سوسے زائد مساجد میں علماء ،خطباء ،آئمہ آئندہ جمعہ کو ”اسلام کا پیغام امن و سلامتی “کے موضوع پر خطبات جمعہ دیں گے اور جمعہ17جولائی کو ”یوم تحفظ قبلتین “کے طور پر منایا جائے گا۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس مو قع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مولانا عبد الکریم ندیم ،مفتی محمد یونس آزاد کشمیر،مولانا شبیر احمد عثمانی،مولانا ممتاز کلیار،قاری احمد علی ندیم،مولانا انوار الحق مجاہد،مولانا اشفاق پتافی ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علماء و خطباء کو رمضان المبارک میں عوام الناس کو اسلام کے حقیقی پیغام سے آگاہ کرنا چاہئے اور عوام کی توجہ قرآن و سنت کی تعلیمات کی طرف دلانی چاہئے۔

قرآن وسنت کی تبلیغ و اشاعت صرف علماء کی ہی نہیں عوام الناس کی بھی ذمہ داری ہے ۔رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات قیامت کی صبح تک ہیں ۔آپ ﷺ خاتم الانبیاء ہیں اور آپ کی تعلیمات پر عمل سے ہی عالم انسانیت مشکلات اور مصائب سے باہر نکل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ انتشار ،افتراق اور فرقہ وارانہ تشدد جیسی لعنت کا شکار ہورہی ہے۔امت کو خون ریزی سے بچانے اور متحد کرنے کیلئے علماء کو بھر پور جدوجہد کرنی چاہئے۔

انہوں نے علماء ،خطباء ،آئمہ سے اپیل کی کہ آئندہ جمعة المبارک 10جولائی کو ملک بھر میں ”اسلام کا پیغام امن و سلامتی “کے موضوع پر خطبات جمعہ دیں اور انتہا پسندی اور دہشتگردی کی بھر پور مذمت کریں جبکہ17جولائی کو پورے ملک کے اندر بیت المقدس کی آزادی اور ارض حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے ”یوم تحفظ قبلتین“منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :