کرپشن کے خلاف ضرب عضب رکنا نہیں چاہیئے‘بلوچستان میں پنجابیوں کا قتل قابل مذمت ہے‘صاحبزادہ محمد حامد رضا

حکومت ٹیکس بارے تاجروں کے تحفظات دور کرے‘کشمیری قیادت کو بد نام کرنے کی بھارتی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی

منگل 7 جولائی 2015 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہاہے کہ کرپشن کے خلاف ضرب عضب رکنا نہیں چاہیئے۔بلوچستان میں پنجابیوں کا قتل قابل مذمت ہے۔قوم وزیر اعظم سے قومی ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کا جواب مانگتی ہے۔سنی اتحاد کونسل تاجر برادری کے احتجاج کی حمایت کر تی ہے۔حکومت ٹیکس بارے تاجروں کے تحفظات دور کرے۔

کشمیری قیادت کو بد نام کرنے کی بھارتی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی ۔ مسلمانوں کے گلے کانٹے والے نام نہاد جہادی برما اور فلسطین میں ریاستی مظالم کے خلاف جہاد کیوں نہیں کرتے۔عرب ممالک فلسطین کا ساتھ دینے کے بجائے مسلم ملک یمن پر حملہ آور ہیں۔ممکنہ سیلاب سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے رہنما میاں فہیم اختر کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صاحبزادہ حامد رضانے مزید کہا کہ قومی وسائل کو لوٹنے والوں کے خلاف احتساب قوم کی آواز ہے۔ضرب عضب میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔پاک فوج اندرونی و بیرونی دشمنوں کے خلاف دفاعی جنگ لڑ رہی ہے۔کرپشن کرنے والوں کے پشت پناہوں کو بے نقاب کرنے کا وقت آگیا ہے۔فوج نہ ہوتی تو حکمران ملک لوٹ کھاتے۔ضرب عضب کے فائنل اور فیصلہ کن راؤنڈ میں وفاقی اور صوبائی حکومت پاک فوج اور رینجرز کا ساتھ دیں۔

ضرب عضب امن و استحکام کی ضمانت ہے۔قومی ایکشن پلان پر عمل نہ ہونا حکومتی نا اہلی اور غیر سنجیدگی کی دلیل ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں بھارت کا دہشتگرد چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے سے مودی کی نیند حرام ہو چکی ہے۔پاکستان کومشرقی اور مغربی دونوں جانب سے دشمنوں کی سازش کا سامنا ہے۔پاکستان کے دفاع ، تحفظ اور استحکام اور سلامتی کیلئے قومی اتحاد و یکجہتی نا گزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :