ٹریننگ کیمپ رپورٹ نہ کرنے پر عمر اکمل کو سری لنکا سیریز سے ڈراپ کیا گیا،چیف سلیکٹر

بدھ 8 جولائی 2015 13:04

ٹریننگ کیمپ رپورٹ نہ کرنے پر عمر اکمل کو سری لنکا سیریز سے ڈراپ کیا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی۔2015ء) پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ ٹریننگ کیمپ میں رپورٹ نہ کرنے کی وجہ سے عمر اکمل کو سری لنکا کے خلاف سیریز سے ڈراپ کیا گیا۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ عمر اکمل سمیت ون ڈے ٹیم سے وابستہ کھلاڑیوں کو ہم نے فٹنس ٹیسٹ اور ٹرائلز کیلئے کرکٹ اکیڈمی طلب کیا مگر عمر وہاں نہیں آئے، انھوں نے اکیڈمی کوچ محمد اکرم سے بات کی اور انھیں بتایا کہ اگلی صبح آئیں گے مگر نہیں آئے، اب اگر کوئی خود ہی اپنے کیریئر کو نقصان پہنچانے پر تلا ہوا ہو تو پھر ہم کیا کرسکتے ہے۔

کیریبیئن پریمیئر لیگ میں گیانا ایمازون واریئرز کی نمائندگی کیلیے روانہ ہونے سے قبل عمر اکمل نے مختلف رمضان ٹورنامنٹس میں بھی حصہ لیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے سی پی ایل میں 2 میچز کھیلے اور اتنے ہی رنز بنا سکے۔ہارون رشید کا کہنا ہے کہ ہم اپنا ٹیلنٹ ضائع نہیں کرنا چاہتے مگر عمر اکمل کو خود اپنے کیریئر کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہوگا، مختار، انور، بلال اور عرفان سب ہی فیصل آباد میں رمضان ٹی 20 کھیل رہے تھے مگر جیسے ہی وہ ایونٹ ختم ہوا انھوں نے اکیڈمی میں رپورٹ کردی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے حکام کو بتا دیا تھا کہ ان کاکیریبیئن لیگ سے بھاری رقم کا معاوضہ ہے، اگر انھیں ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا جا رہا تو بتا دیا جائے، منفی جواب ملنے پر وہ ویسٹ انڈیز روانہ ہو گئے۔