ٹیکنیکل کالج ٹنڈومحمدخان میں ٹریننگ حاصل کرنے والے طلباء وظیفہ نہ ملنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 9 جولائی 2015 19:02

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء)بینظیر بھٹو یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ٹیکنیکل کالج ٹنڈومحمدخان میں ٹریننگ حاصل کرنے والے درجنوں شاگردوں نے وظائف نہ ملنے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سخت نعریبازی کی ، اس موقع پر شاہ رخ غوری ، محمد رحمن اور دیگر نے بتایا کہ انہوں نے سال 2014میں ٹیکنیکل کالج میں یوتھ پروگرام کے ذریعے ٹریننگ حاصل کی ، لیکن ایک سال گذر جانے کے باوجود ہمیں وظائف نہیں دیئے جارہے ، جبکہ ٹریننگ مکمل کرنے اور امتحان پاس کرنے پر سرٹیفکیٹ تو جاری کردیئے گئے جس کے باعث ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارے وظائف کی رقم خرد برد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیاکہ انہیں وظائف کے پیسے فوری طور پر جاری کئے جائیں ، دوسری جانب بینظیر یوتھ پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر واحد عمر ابڑو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ شاگردوں کی حاضری کا مسئلہ ہے ، جس کی وجہ سے پیسے روکے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ٹیکنیکل کالیج کے پرنسپل کو طلب کیا گیا ہے ، مسئلہ جلد حل ہوجائیگا ۔