پہلا ایشز ٹیسٹ، انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 289رنز پر ڈھیر ، آسٹریلیا کو جیت کیلیے 412

رنز کا ہدف مل گیا

ہفتہ 11 جولائی 2015 12:56

پہلا ایشز ٹیسٹ، انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 289رنز پر ڈھیر ، آسٹریلیا کو ..

کارڈف (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11جولائی۔2015ء) آسٹریلین ٹیم کے بالرز نے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پلٹ کر وار کرتے ہوئے انگلش سائیڈ کو 289 پر رخصت کر دیا،این بیل اور جو روٹ کو ہی نصف سنچریاں بنانے کا موقع مل سکا، آف سپنر نیتھن لیون چار وکٹوں کے ساتھ کامیاب بالر قرار پائے ،کینگروز کو کامیابی کیلئے 412 رنز کا ہدف مل گیا ہے جبکہ دو دن کا کھیل باقی ہے ۔

صوفیہ گارڈنز ، کارڈف پر ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز مہمان ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز پانچ وکٹوں پر 264 رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی تو اس کے اختتامی کھلاڑی زیادہ مزاحمت نہیں کر سکے جب شین واٹسن کے 30 رنز پر برخاست ہونے کے بعد بریڈ ہیڈن ہی 22 رنز کا اضافہ کر سکے ۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے 3 جبکہ سٹوارٹ براڈ، مارک ووڈ اور معین علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

پہلی اننگز میں 122 رنز کی برتری کے ساتھ میدان سنبھالنے والی انگلش ٹیم دوسری باری میں 73 رنز پر ابتدائی 3 وکٹیں کھو بیٹھی جس میں ایڈم لائیتھ کے 37 رنز نمایاں تھے ۔ این بیل اور جو روٹ نے چوتھی وکٹ کیلئے 97 رنز کی قیمتی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو سنبھالا مگر مچل جانسن نے 11 چوکوں سمیت 60رنز بنانے والے ایان بیل کو بولڈ کردیا۔ جو روٹ نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر 200 رنز کا سنگ میل پار کیا مگر وہ بھی 60 رنز میں 9 چوکے لگا کر واپس لوٹ گئے ۔

بین سٹوکس نے مچل سٹارک کا نشانہ بننے سے قبل 9 چوکوں کی مدد سے 42 رنز سمیٹے مگر اس کے بعد جوز بٹلر 7،معین علی 15 اور سٹورٹ براڈ 4 رنز پر داغ مفارقت دے گئے ۔ اس دوران مارک ووڈ نے ڈٹ کر کھیلتے ہوئے 4 چوکوں اور 1 چھکے سمیت ناقابل شکست 32 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 289 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار نبھایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے 4 کھلاڑی آؤٹ کئے جبکہ مچل جانسن،جوش ہیزلووڈ اور مچل سٹارک نے 2،2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ آسٹریلین ٹیم کو اب یہ معرکہ جیتنے کیلئے 2 دن کے کھیل میں 412 رنز کا ہدف مل گیا ہے ۔