تنخواہیں نہ ملنے اور مطالبات کی عدم منظوری پر میٹرو بس ملازمین کی ایک بار پھر ہڑتال

بس سروس مکمل بند ہونے سے ہزاروں مسافر رل کر رہ گئے

ہفتہ 11 جولائی 2015 17:32

تنخواہیں نہ ملنے اور مطالبات کی عدم منظوری پر میٹرو بس ملازمین کی ایک ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جولائی۔2015ء) تنخواہیں نہ ملنے اور مطالبات نہ منظور ہونے پر راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کے ملازمین نے ایک دفعہ پھر ہڑتال کر دی۔ میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند ہونے سے ہزاروں مسافر رل کر رہ گئے۔ ہفتہ کے روز راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کے ڈرائیور حضرات نے گزشتہ روز انتظامیہ کے کئے گئے وعدے پورے نہ ہونے پر دوبارہ احتجاج کرتے ہوئے میٹرو سروس مکمل طور پر بند کر دی اور مطالبہ کیا کہ وعدہ کے مطابق ان کی تنخواہیں جلد از جلد فراہم کی جائیں۔

ڈرائیورز کے مطابق ان کو جون سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے اور گزشتہ روز انتظامیہ کے کئے گئے وعدے کو بھی پورا نہیں کیا گیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) زاہد سعید نے کہا ہے کہ ڈرائیورز کی تنخواہیں پرائیویٹ کمپنی ابراک نے ادا کرنی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔ ڈرائیورز نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ واقع کا فوراً نوٹس لیں اور ان کی تنخواہیں ادا کرنے میں کردار ادا کریں تاکہ عید الفطر کے موقع پر ان کے اہل خانہ بھی عید کی خوشیاں منا سکیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی میٹرو بس ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے 3 گھنٹے سے زائد بس سروس معطل کر دی تھی جس سے لاکھوں مسافر رل کر رہ گئے تھے۔ میٹرو بس سروس میں 67 بسیں اور 200 سے زائد ڈرائیورز ہیں اور 44 ارب روپے کی لاگت سے میٹرو بس پروجیکٹ حال ہی میں مکمل کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :