جھوٹے الزامات لگا کر تقریر پر پابندی لگانے کیساتھ مجھے قتل کیا جا سکتا ہے، الطاف حسین

منگل 14 جولائی 2015 15:23

جھوٹے الزامات لگا کر تقریر پر پابندی لگانے کیساتھ مجھے قتل کیا جا سکتا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء)ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکمران اپنی صفوں کا جائزہ لیں ، جھوٹے الزامات لگا کر جیل بھیجا جا سکتا ہے ، تقاریر پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے ، قتل بھی کیا جا سکتا ہے۔ایم کیو ایم حیدر آباد کی زونل کمیٹی کے ارکان اور خواتین ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم عوام کو بلا امتیاز و تفریق حقوق دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے ، انہوں نے ملک کے خلاف نہیں ، ظلم و جبر کے خلاف بات کی ۔

انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے ۔ ان کی تقاریر پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے ، انہیں مافیاز کے ذریعے قتل بھی کرایا جا سکتا ہے ۔قائد ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوئی نہ کوئی سازش ہوتی رہی ہے ، ایم کیو ایم کو بدنام کرنے کیلئے ٹارگٹ کلنگ ، سٹریٹ کرائم ، اغوا کی وارداتوں اور ڈکیتیوں کے ہر واقعے کا الزام ایم کیو ایم کے سر تھوپا جاتا رہا ہے ، خواجہ آصف کے بیان پر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کچھ نہیں کہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ کے مختلف شہروں میں ، ان کے خلاف مقدمات درج کرا دئیے ہیں اور ان پر جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔ الطاف حسین نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ انہیں کچھ ہو جائے تو وہ تحریک کو زندہ رکھیں ، مہاجروں اور مظلوموں کے حقوق کی تحریک جاری رکھیں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔