سپیشل اولمپکس عالمی سمر گیمز، تربیتی کیمپس اختتام پذیر

جمعرات 16 جولائی 2015 11:58

سپیشل اولمپکس عالمی سمر گیمز، تربیتی کیمپس اختتام پذیر

اسلام آباد ۔16جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جولائی۔2015ء): سپیشل اولمپکس عالمی سمر گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی مرد و خواتین کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا چھٹا اور آخری مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ سپیشل اولمپکس پاکستان کے نیشنل سپورٹس ڈائریکٹر ارشد جاوید نے بتایا کہ تربیتی کیمپس اسلام آباد، کراچی، لاہور اور واہ کینٹ راولپنڈی میں لگائے گئے تھے۔

ایتھلیٹکس اور بیڈمنٹن کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں، سائیکلنگ اور پاور لیفٹنگ کا لاہور، باسکٹ بال، فٹ بال، سوئمنگ اور ٹینس کا کراچی میں جبکہ ٹیبل ٹینس کا تربیتی کیمپ واہ کینٹ راولپنڈی میں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی دستہ نو کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرے گا جن میں اتھلیٹکس، سوئمنگ، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، سائیکلنگ، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، ٹینس اور پاور لفٹنگ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ارشد جاوید نے کہا کہ پاکستانی مرد کھلاڑی ان تمام گیمز میں شرکت کریں گے جبکہ خواتین کھلاڑی فٹ بال اور پاورلفٹنگ میں شرکت نہیں کریں گی۔ ارشد جاوید نے بتایا کہ سپیشل اولمپکس عالمی سمر گیمز 2015ء امریکا کے شہر لاس اینجلس 25 جولائی سے 3 اگست تک ہوں گے جس میں پاکستان سمیت 177 ممالک کے سات ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گیمز میں پاکستان کے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل 80 رکنی دستہ شرکت کرے گا۔ قومی دستہ 21 جولائی کو امریکا روانہ ہوگا۔