مشکلات سے دوچار قومی ہاکی کھلاڑیوں کی خالی جیبیں بھر گئیں

جمعرات 16 جولائی 2015 12:17

مشکلات سے دوچار قومی ہاکی کھلاڑیوں کی خالی جیبیں بھر گئیں

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جولائی۔2015ء) مشکلات سے دوچار قومی ہاکی کھلاڑیوں کی خالی جیبیں بھر گئیں،پی ایس بی نے ایشین گیمزرنرز اپ ٹیم کے ہر رکن کو7لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی۔گذشتہ برس جنوربی کوریا میں منعقدہ ایونٹ میں ٹیم فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ایک گول سے شکست کا شکار ہو گئی تھی،جس سے نہ صرف اعزاز کے دفاع سے محروم ہوئی بلکہ اولمپکس 2016 کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع بھی گنوا دیا، اس کے بعد ورلڈ ہاکی لیگ کے ذریعے میگا ایونٹ تک رسائی کا چانس ملا لیکن پلیئرز نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ٹیم پولینڈ کیخلاف واحد فتح سے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی لیکن وہاں انگلینڈ نے ہرادیا۔

پھر کھلاڑیوں کے ہاتھ پاوٴں ایسے پھولے کہ وہ فتح کو ہی بھول گئے، کمزور آئرلینڈ اور فرانس کے ہاتھوں بھی عبرتناک شکست نے10 ملکی ایونٹ میں 8 ویں پوزیشن دلائی، اس ناکامی کے بعد ملک میں ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے 2 تحقیقاتی کمیٹیزکام کررہی ہیں،ایک وزیر اعظم کے حکم پر آئی پی سی نے بنائی اور دوسری پی ایچ ایف نے قائم کی، دونوں کی کارروائی جاری تھی کہ اچانک اسپورٹس بورڈ نے ایشین گیمز میں ٹیم کی قدرے بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر کھلاڑی کے اکاوٴنٹ میں سات لاکھ روپے کی رقم منتقل کر دی۔

(جاری ہے)

عیدالطفر سے پہلے لاکھوں روپے کی رقم میسر آنے سے پلیئرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ان کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ تین ٹورزکے یومیہ الاوٴنس نہ ملنے کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار تھے، حکومت کی طرف سے ملنے والی انعامی رقم کی بیحد خوشی ہے، امید ہے کہ ایشین گیمز کی طرح چیمپئنز ٹرافی کی انعامی رقم بھی جلد مل جائے گی۔