مائیک ٹائسن محمد علی کے بعد دنیا کے بہترین مسلمان باکسر،رپورٹ

جمعرات 16 جولائی 2015 12:27

مائیک ٹائسن محمد علی کے بعد دنیا کے بہترین مسلمان باکسر،رپورٹ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جولائی۔2015ء)محمد علی کے بعد مائیک ٹائسن کو دنیا کا بہترین باکسر مانا جاتا ہے اگرچہ ان کا ریکارڈ محمد علی سے بھی شاندار رہا۔۔ مائیک ٹائسن نے 20 سال کی عمر میں ورلڈ باکسنگ کونسل، ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کا ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ مائیک ٹائسن نے اپنے کیریئر کے پہلے 19 مقابلوں میں حریف باکسرز کو ناک آوٴٹ کیا اور ان میں سے انہوں نے 12 حریفوں کو پہلے ہی راوٴنڈ میں ناک آوٴٹ کیا۔

۔ پورے کیریئر کے دوران انہوں نے 58 مقابلوں میں حصہ لیا۔ ان میں سے 50 میں وہ کامیاب رہے جبکہ 6 میں انہیں شکست ہوئی اور 2 کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ انہوں نے 44 مقابلوں میں اپنے حریفوں کو ناک آوٴٹ کیا۔

(جاری ہے)

مائیک ٹائسن محمد علی سے بھی بڑے باکسر کہلا سکتے تھے لیکن ان کا کیریئر ہمیشہ تنازعات کا شکار رہا۔ ایک لڑکی کے ساتھ زیادتی کے جرم میں انہیں 6 سال قید کی سزا ملی۔

اس کے بعد بھی وہ باکسنگ میں حصہ لیتے رہے، انہوں نے ایک مقابلے میں مقابل باکسر ہولی فیلڈ کا کان چبا ڈالا جس کے باعث ان پر پابندی عائد کر دی گئی۔ مائیک ٹائسن نے 3 شادیاں کی جن سے ان کے 7 بچے ہوئے۔ ان کی بیویوں نے ان پر گھریلو تشدد کا الزام بھی لگایا۔ وہ منشیات کے استعمال کے باعث بھی جیل گئے اور انہی تنازعات نے ان کے کیریئر کو اس عروج پر نہ پہنچنے دیا جس پر وہ پہنچ سکتے تھے۔ محمد علی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہوں نے بھی اسلام قبول کیا اور اپنا نام ملک عمر بن عبدالعزیز رکھا۔ اگرچہ قبول اسلام کے بعد وہ کافی عرصے تک اس کی تعلیمات سے دور ہی رہے لیکن اب وہ ایک عملی مسلمان کی زندگی گزار رہے ہیں۔