ہانگ کانگ نے افغانستان کو شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 21 جولائی 2015 21:35

ہانگ کانگ نے افغانستان کو شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی ..

ڈبلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21جولائی۔2015ء) ہانک کانگ نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں سنسنی خیزمقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں افغان کپتان اصغرتنکزئی نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تومقررہ 20 اوورزمیں 7 وکٹوں کے نقصان پرافغانستان نے 161 رنزبنائے جس کے جواب میں ہانگ کانگ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ہدف آخری گیند پرحاصل کیا۔

ہانک کانگ کو آخری اوورمیں جیت کے لئے 16 رنزدرکارتھے جسے بابرحیات نے ایک چھکے اورایک چوکے کی مدد سے جیت اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی اور خود 20 رنزکے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ہانگ کانگ کی جیت میں مارک چیپمین کے برق رفتار40 اور جیمی ایٹکنسن کے 47 رنز بھی شامل ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں عرفان احمد نے 16، نزاکت خان نے 26 جب کہ کپتان تنویر افضل بغیرکوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

افغانستان کی جانب سے شاہ پور زدران نے 2، میرواعظ اشرف اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تو اوپننگ بلے بازاحمد شہزاد اور نوروزمینگل نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 27 رنز جوڑے، شہزاد 20، نوروز مینگل 53، اصغر تنکزئی 29، اور سمیع اللہ شنواری 21 رنز کے ساتھ نمایاں بلے بازرہے۔ ہانک کانگ کے حسیب امجد نے 3، ندیم احمد، عرفان احمد اور اعزاز خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر نوروز مینگل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ افغانستان سے جیت کے بعد ہانگ کانگ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے لئے کوالیفائی کرلیا جب کہ آئرلینڈ پہلے ہی بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرچکی ہے۔ ورلڈ کپ 2016 کا آغاز 11 مارچ سے 3 اپریل تک یوگا جب کہ ایونٹ کے تمام میچز بھارت کے 8 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔