ورلڈ کپ ٹی 20، بھارتی بورڈ نے مرد و خواتین ایونٹ کیلئے میزبان سٹیڈیمز کا اعلان کردیا

بدھ 22 جولائی 2015 15:19

ورلڈ کپ ٹی 20، بھارتی بورڈ نے مرد و خواتین ایونٹ کیلئے میزبان سٹیڈیمز ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء) ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے مردوں اور خواتین کے ایونٹ کے لیے میچز کے مقامات کا اعلان کردیا ہے۔ایونٹ کا انعقاد آئندہ سال گیارہ میچ سے ہندوستان میں ہو گا جبکہ فاتح کا فیصلہ تین اپریل کو کولکتہ ایڈن گارڈنز میں میں ہو گا۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق ایونٹ کے میچز کولکتہ کے علاوہ بنگلورو، چنئی، دھرم شالا، موہالی، ممبئی، ناگپور اور وفاقی دارالحکومت نیو دہلی میں کھیلے جائیں گے۔

ہندوستانی بورڈ نے ایونٹ کے انعقاد کیلئے بی سی سی آئی کے صدر جگموہن ڈالمیا کی سربراہی میں ایک آٹھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔بی سی سی آئی کے اعزازی سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس اہم ایونٹ کی میزبانی کرنے پر انتہائی فخر محسوس کر رہے ہیں، ہم نے جن مقامات کا اعلان کیا ہے وہ پہلے بھی کافی میچز کی میزبانی کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس اعلان کے ساتھ ہی ہم فوری طور پر اپنی تیاریوں کا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس ایونٹ کو شرکا اور شائقین کیلئے یادگار بنانا چاہتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ میچز کیلئے جن مقامات کا اعلان کیا گیا ہے وہ اسے ایک شاندار ایونٹ میں بدل دیں گے۔چھٹے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں مجموعی طور پر16 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سے دس مستقل رکن براہ راست شرکت کے اہل ہوں گے جبکہ چھ ایسوسی ایٹ ٹیمیں بھی مقابلے میں شریک ہوں گی۔

اب تک ہونے والے پانچ ایونٹ میں ہندوستان، پاکستان، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکابالترتیب فاتح رہے لیکن ابھی تک کوئی بھی ٹیم دو مرتبہ یہ ایونٹ نہ جیت سکی۔اس ایونٹ میں اب تک پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے 2014 کے ایونٹ کے علاوہ ہر ایڈیشن کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔پاکستانی ٹیم 2016 ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاہد آفریدی کی زیر قیادت شرکت کرے گی جو 2010 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کی قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔