دریائے سندھ کی تباہ کاریاں جاری ، جنوبی پنجاب کی لاکھوں ایکڑ کی فصلیں تباہ، ہزاروں خاندان بے گھر

جمعرات 23 جولائی 2015 11:07

دریائے سندھ کی تباہ کاریاں جاری ، جنوبی پنجاب کی لاکھوں ایکڑ کی فصلیں ..

راجن پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی2015ء)بپھرے دریائے سندھ کی تباہ کاریاں رک نہ سکیں ، راجن پور میں بیٹ سوترہ کے مقام پر حفاظتی بند ٹوٹ گیا ، لیہ ، ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ سمیت جنوبی پنجاب میں لاکھوں ایکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ، سیکڑوں بستیاں زیر آب ، ہزاروں خاندان بے گھر ہوگئے۔ گھوٹکی اور کچے کے علاقے میں مزید دیہات ڈوب گئے ، متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔

دریائے سندھ کی بے رحم موجیں ہرطرف تباہی پھیلاتی جا رہی ہیں ۔ پانی کے بے قابو ریلے نے رہائشی آبادیاں چھوڑی ہیں اور نہ ہی فصلیں ہر طرف تباہی ہی تباہی نظر آ رہی ہے اور لوگ بے یارو مدد گار بے بسی کی تصویر بنے نظر آتے ہیں۔ لیہ میں تاحد نگارہ پانی ہی پانی اور ہر طرف سیلابی ریلے نے خوفناک تباہی مچا رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

تین سو اسی بستیاں زیر آب آنے سے چھپن ہزار خاندان متاثر ہوئے جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔

علاقے میں دو لاکھ ایکڑ پر کھڑی کماد اور کپاس کی فصل تباہ ہو گئی۔ کروڑ لعل عیسن بھی سیکڑوں دیہات زیر آب آنے سے لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ۔ ڈی جی خان میں دریائے سندھ کے سیلابی ریلے سے کوٹ چھٹہ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیر آب آ گئیں۔ جھگڑ امام شاہ میں بھی طغیانی کے بعد کئی دیہات ڈوب گئے ، مظفر گڑھ ، جتوئی ، کوٹ ادو ،علی پور اور راجن پور کے مزید دیہات میں پانی داخل ہو چکا ہے ۔ اب تک تین خواتین سمیت سات افراد بے رحم موجوں کی نذر ہو چکے ہیں۔ صادق آباد میں بھی 3 بستیاں ڈوب گئیں ، گڈو کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے سے مزید سات دیہات زیر آب آگئے۔گھوٹکی کے مزید 10 دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ، سیکڑوں افراد محصور ہیں۔