چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونیکا خطرہ ،پی سی بی کا سہ ملکی سیریز میں شرکت نہ کرنے پر غور

جمعہ 24 جولائی 2015 12:46

چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونیکا خطرہ ،پی سی بی کا سہ ملکی سیریز میں شرکت ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء) پاکستان کا سری لنکا کو چوتھے ایک روزہ میچ میں شکست دینے کے بعد 2017 میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے امکانات روشن ہوگئے ‘ سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں فتح سے پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرجائے گا مگر 31ستمبر سے قبل ایک بھی شکست قومی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی سے باہر کردے گی جس پر پی سی بی نے زمبابوے میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں غور کرنا شروع کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی ایک روزہ رینکنگ میں 90پوائنٹس کے ساتھ 8ویں پوزیشن پر آگئی ہے جس کے بعد ویسٹ انڈیز 88پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر چلی گئی ہے جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں فتح سے قومی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرجائے گی مگر 31ستمبر سے قبل ایک بھی شکست قومی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی سے باہر کرسکتی ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق زمبابوے میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں کسی بھی شکست کے خطرے سے بچنے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سہ ملکی سیریز میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں سوچنا شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال اگست میں زمبابوے میں سہ ملکی سیریز ہونی ہے جس میں میزبان زمبابوے کے علاوہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان نے شرکت کرنی ہے مگر تاحال سیریز کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔