اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے لیے لاس اینجلس میں میدان سج گیا

جمعہ 24 جولائی 2015 12:47

اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے لیے لاس اینجلس میں میدان سج گیا

لاس اینجلس / امریکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء) اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے لیے لاس اینجلس میں میدان سج گیا،76 رکنی پاکستانی دستے سمیت177 ممالک کے7ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پڑاوٴ ڈال لیا، یہ25 کھیلوں میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے،30 ہزار رضا کار بھی مقابلوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے خدمات سر انجام دینے میں مصروف ہیں،ایونٹ کا رنگارنگ افتتاحی تقریب میں آج ہفتے کو آغاز ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کا شہر لاس اینجلس ان دنوں دنیا بھر کے اسپیشل کھلاڑیوں کی آمد سے ایک خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے۔177 ممالک کے7 ہزار سے زیادہ کھلاڑی اور آفیشلز اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں شرکت کیلیے یہاں پہنچ چکے ہیں، ان میں پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کا دستہ بھی ہے جو بھرپورجوش اورجذبے کے ساتھ میگا ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ لاس اینجلس وہی شہر ہے جس میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے1984 کے اولمپکس مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا تھا، اس شہر کوایک اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ لاس اینجلس میموریل کلوزیم دنیا کا واحد اسٹیڈیم ہے جہاں2 بار اولمپکس مقابلوں کی افتتاحی تقریبات سج چکی ہیں۔اس سے پہلے کسی ایک شہر میں 2بار اولمپک کھیلوں کا انعقاد تو ہو چکا تاہم 2بار میزبانی کااعزاز صرف کلوزیم کو ہی حاصل ہے۔اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے مقابلے9 دن تک جاری رہیں گے، ایونٹ کیلیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں