ہندوستانی قومی تلوار باز کھلاڑی چلتی ٹرین سے پھینکے جانے پر ہلاک

جمعہ 24 جولائی 2015 15:07

ہندوستانی قومی تلوار باز کھلاڑی چلتی ٹرین سے پھینکے جانے پر ہلاک

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24جولائی۔2015ء) بھارتی تلوار باز کھلاڑی ہشیار سنگھ پولیس اہلکاروں کی جانب سے چلتی ٹرین سے دکھا دیے جانے سے ہلاک ہوگئے ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آگرہ کے قریب كاسگج میں ہوشیار سنگھ اپنے خاندان کے ساتھ مسافر ٹرین میں سفر کر رہے تھے ۔ انہوں نے اپنی اہلیہ اور والدہ کو خواتین کے ڈبّے میں سوار کرایا اور خود جنرل کوچ میں بیٹھ گئے لیکن کچھ دیر بعد بیوی کی طبیعت بگڑنے کی وجہ سے انہیں بھی خواتین کے ڈبّے میں جانا پڑا جہاں موجود جی آرپی کے سپاہیوں نے ہشیار سنگھ کو وہاں سے جانے کے لیے کہا ۔

ہشیار سنگھ نے انہیں اپنی بیوی کی طبیعت خراب ہونے کے بارے میں بتایا لیکن جی آر پی کے سپاہیوں نے انہیں وہاں نہیں بیٹھنے نہیں دیا اور مبینہ طور پر 200 روپے طلب کیے ۔

(جاری ہے)

ہشیار سنگھ نے انہیں پیسے دینے سے انکار کیا تو دونوں سپاہیوں نے ان کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور انہیں چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا ۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) تھانہ كاسگج میں 2 پولیس اہلکاروں اور 1ریلوے افسر کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن خاندان کا کہنا ہے کہ سپاہیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہونا چاہیے ۔

ادھر ریلوے پولیس سپرنٹنڈنٹ گوپش ناتھ کھنہ نے ہشیار سنگھ کے اہل خانہ کے الزامات کی تردید کی ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ ہوشیار سنگھ سکندرا راؤ سٹیشن پر پانی لینے اترے تھے اسی درمیان ٹرین چل پڑی اور چلتی ٹرین میں چڑھنے کی کوشش میں وہ پھسل کر گر پڑے اور جس سے ان کی موت ہو گئی ۔ گوپش کے مطابق جی آر پی کے سپاہی اس وقت تین بوگی آگے تھے اور وہ لاش نکالنے پہنچے تھے تاہم ہجوم نے لاش دیکھ کر ہنگامہ کھڑا کر دیا اور جی آر پی پر قتل کا الزام عائد کردیا ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ ابتدائی جانچ پڑتال سے ٹرین سے پھینکے جانے کا الزام غلط پایا گیا۔