یونس خان پر کسی قسم کا کوئی پریشر نہیں ہے ، وقار یونس

ہفتہ 25 جولائی 2015 12:56

یونس خان پر کسی قسم کا کوئی پریشر نہیں ہے ، وقار یونس

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جولائی۔2015ء) کوچ وقار یونس نے یونس خان پرپریشر ڈالنے کا الزام مسترد کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ ڈراپ کرنے کی بات کر کے سینئر بیٹسمین تھوڑی زیادتی کر گئے، ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہ تھا، ون ڈے اسکواڈ میں بھی اگر ان کی جگہ بنی تو موقع دیا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں ایک انٹرویو میں سابق کپتان یونس خان نے دبے الفاظ میں کوچ اور ٹیسٹ کپتان مصباح کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، وقار یونس نے سینئر بیٹسمین کو سپورٹ نہ کرنے کا الزام مسترد کر دیا،انھوں نے کہا کہ یونس خان لیجنڈ ہیں، انھوں نے ملک کے لیے بے تحاشا کارنامے انجام دیے، یہ بات درست نہیں کہ اگر وہ پالے کیلی ٹیسٹ میں177رنز نہ بناتے تو انھیں ڈراپ کر دیا جاتا‘ یہاں وہ تھوڑی زیادتی کر گئے، بطور کوچ انھیں ہمیشہ میری حمایت حاصل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان جیسے کھلاڑی کم ہی پیدا ہوتے ہیں، وہ ہمارے ہیرو ہیں، ہماری جانب سے ان پر کوئی پریشر نہیں تھا۔ ایک سوال پر کوچ نے کہا کہ ون ڈے اسکواڈ میں واپسی یونس خان کی بہت پرانی خواہش ہے، ورلڈکپ میں انھیں موقع بھی ملا، اب بھی اگر اسکواڈ میں جگہ بنی تو انھیں کھلایا جائیگا، البتہ کئی نوجوان کھلاڑی بھی سامنے آگئے ہیں، یونس نے مختصر طرزکے میچز میں اچھا پرفارم کیا تو سلیکٹرز انھیں چانس دے سکتے ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد نیا دور شروع ہوا، کئی نوجوان پلیئرز ٹیم میں آئے، انھیں ایڈجسٹ ہونے میں وقت تو لگنا ہی تھا، وہ تیز کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کی کارکردگی بھی بہت اچھی ہے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ حالیہ کارکردگی دیکھنے کے بعد اظہر علی کی کپتانی پر کوئی اعتراض نہیں کر سکتا،ان کی بیٹنگ کا اندازہ تو اعدادوشمار دیکھ کر ہی لگایا جا سکتا ہے، ٹیسٹ میں تو اظہر صلاحیتوں کا لوہا منوا ہی چکے تھے اب ون ڈے کے مزاج میں بھی انھوں نے خود کو بخوبی ڈھال لیا،زمبابوے کیخلاف اظہر نے اچھا پرفارم کیا اور اب حالیہ ٹور میں بھی اعتماد سے مالامال ہو کر بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں۔