آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے نائب صدرجاوید میمن کابینک ٹرانزیکشن پر 0.3 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کیخلاف آل پاکستان انجمن تاجران کی 5اگست کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان

ہفتہ 25 جولائی 2015 21:14

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جولائی۔2015ء) آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے نائب صدر، سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے بینک ٹرانزیکشن پر 0.3 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے خلاف آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے دی جانیوالی 5اگست کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔یہ فیصلہ تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں تاجروں کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

جس میں حاجی غلام شبیر بھٹو، عبدالستار راجپوت، شکیل قریشی، پرویز چنہ، شریف ڈاڈا، بابو فاروقی، رئیس قریشی، قادر شیوانی، ذاکر بندھانی، محمد محسن،احسان بندھانی، صداقت خان و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھا کہ سکھر کی تاجر برادری آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز، سیکریٹری جنرل عبدالرزاق ببر، عتیق میر کی قیادت میں متحد ہے اور ان کی جانب سے دی جانیوالی ہر قسم کی کال کی سکھر اسمال ٹریڈرز بھرپور حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شٹرڈاؤن کے باوجود اگرظالمانہ ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو تاجر غیر معینہ مدت کیلئے کاروبار بند کر کے سڑکوں پر آجائیں گے اور حکومت سے ہر قسم کا تعاون ختم کردینگے۔ ان کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بینکوں کے ذریعے عائد ٹیکس کھلی ڈکیتی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مذکورہ ٹیکس عائد کرنے کے خلاف 28جولائی کو آل پاکستان انجمن تاجران کا اجلاس لاہور میں منعقد ہو رہا ہے جس میں ملک بھر کے تاجر رہنماؤں کے ساتھ ساتھ سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنما بھی شرکت کرینگے۔

جس میں مذکورہ ٹیکس عائد کرنے کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاجی تحریک کو تیز کرنے اور شٹر ڈاؤن کے سلسلے میں فیصلے کیے جائینگے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یکم اگست کو حکومتی حمایت یافتہ تاجروں کی جانب سے دی جانیوالی شٹر ڈاؤن احتجاج کی کال سے سکھر اسمال ٹریڈرز سمیت ملک بھر کی تاجر برادری کا کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :