سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں ایسا دکھائی دے رہا تھا جیسے پاکستانی بلے باز خانہ پری کیلئے کھیل رہے ہیں ‘ برطانوی نشریاتی ادارہ

پیر 27 جولائی 2015 12:03

سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں ایسا دکھائی دے رہا تھا جیسے پاکستانی بلے ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) بی بی سی نے اپنی رپور ٹ میں کہاہے کہ سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں ایسا دکھائی دے رہا تھا جیسے پاکستانی بلے باز خانہ پری کیلئے کھیل رہے ہیں ‘ پاکستانی بلے بازوں کی طر فے کوئی بھی قابل ذکر اننگز اور پارٹنر شپ نظر نہیں آئی ۔ بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ سیریز کی جیت اور چیمپیئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرنے کے بعد یہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سہل پسندی ہے یا پھر سری لنکن ٹیم کا غصہ جس نے اسے آخری ون ڈے میں 165 رنز کی جیت سے ہمکنار کردیایہ ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا کی پاکستان کے خلاف رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی جیت ہے سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں پر 368 رنز بنالیے تو سب کو یہ بات بھی یاد آگئی کہ سری لنکا میں کوئی بھی ٹیم 300 کا ہدف عبور کرکے میچ نہیں جیت پائی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم بھی اس روایت کو توڑنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پوری ٹیم 38ویں اوور میں صرف 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایسا دکھائی دیا کہ جیسے پاکستانی بیٹسمین یہ میچ خانہ پری کے لیے کھیل رہے ہوں۔ان کی طرف سے کوئی بھی ایسی قابل ذکر اننگز اور پارٹنرشپ نظرنہیں آئی جس سے یہ میچ دلچسپ بن سکتا۔سری لنکا کے سکور میں کوشل پریرا کی شاندار سنچری قابل ذکر تو تھی ساتھ میں تلکارتنے دلشن، اینجیلو میتھیوز اور ملندا سری وردنا کی نصف سنچریاں بھی کسی طور پیچھے نہ تھیں۔

کوشل پریرا نے اپنی دوسری ون ڈے سنچری اسی انداز میں کھیلتے ہوئے سکور کی جو کسی زمانے میں سنتھ جے سوریا سے منسوب تھا۔ انھوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے انھوں نے محمد عرفان کے پہلے اوور میں خاموش ابتدا کی تھی لیکن پھر سونامی ہر بولر کو بہا کر لے گیا۔پریرا نے دلشن کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 164 رنز کا اضافہ کیا دلشن نے 62 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں دس ہزار رنز مکمل کرنے والے چوتھے سری لنکن بھی بن گئے دونوں اوپنرز رن آوٴٹ ہوئے۔

سری لنکن ٹیم نے 90 رنز کے اضافے پر چار وکٹیں گنوائیں تو اس وقت پاکستانی بولرز سے امید ہوچلی تھی کہ وہ میزبان ٹیم کو بڑے سکور سے روک سکتے ہیں لیکن کپتان میتھیوز نے سیریز کی شکست کا غصہ پاکستانی بولرز پر خوب اتارا۔میتھیوز نے صرف 40 گیندوں پر دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے آوٴٹ ہوئے بغیر 70 رنز سکور کیے اور ملندا سری وردنا کے ساتھ پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 114 رنز کا اضافہ کر ڈالا۔

سری وردنا نے صرف 26 گیندوں پرتین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے جو ان کی پہلی ون ڈے نصف سنچری ہے راحت علی واحد بولر تھے جنھیں وکٹ ملی تاہم وہ دیگر تین بولرز عرفان انورعلی اور یاسر شاہ کے ساتھ 70 سے زائد رنز دینے کے خطاوار تھے۔پاکستانی ٹیم کو وہ آغاز نہ مل سکا جو ایک بڑے سکور کے تعاقب میں ضروری ہوا کرتا ہے احمد شہزاد سیریز میں پہلی بار کھیلنے والے سینا نائیکے کے پہلے ہی اوور میں اسٹمپڈ ہوگئے کپتان اظہرعلی اپنے ہم منصب کے ہاتھوں رن آوٴٹ ہوئے۔

محمد حفیظ ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچ ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد اینجیلو میتھیوز کی ون ڈے میں سوویں وکٹ بن گئے سرفراز احمد تھرڈ مین سے ڈائریکٹ تھرو پر رن آوٴٹ ہوئے اور جب شعیب ملک کی وکٹ بھی گرگئی تو صرف اس سوال کی اہمیت رہ گئی تھی کہ پاکستانی ٹیم کی شکست کا مارجن کتنے رنز کا ہوگا۔