جنوبی افریقہ کے طویل دورہ بھارت کے شیڈول کا اعلان، سیریز 2اکتوبر سے شروع ہوگی

پیر 27 جولائی 2015 14:31

جنوبی افریقہ کے طویل دورہ بھارت کے شیڈول کا اعلان، سیریز 2اکتوبر سے ..

جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27جولائی۔2015ء) جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپنے 72روزہ طویل دورہ بھارت کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے،دورے کا آغاز 29ستمبر سے ہوگا اور پروٹیز میزبانو ں کے خلاف 4ٹیسٹ،5ون ڈے اور 3ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم 28ستمبر کو بھارت پہنچے گی اور 29تاریخ کو دہلی میں ٹور میچ کھیلے گی، دورے کا باقاعدہ آغاز ٹی ٹونٹی سیریز سے ہوگا جس کا پہلا میچ 2اکتوبر کو دھرم شالا، دوسرا مقابلہ 5اکتوبر کوکٹک اور تیسرا میچ 8اکتوبر کو کلکتہ میں کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹونٹی سیریز کے اختتام پر ون ڈے سیریز شروع ہوگی جس کا پہلا مقابلہ 11اکتوبر کو کلکتہ، دوسرا میچ 14اکتوبر کو اندور، تیسرا مقابلہ 18اکتوبر کو راجکوٹ، چوتھا مقابلہ 22اکتوبر کو چنائی اور 5واں میچ 25اکتوبر کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

ون ڈے سیریز کے آخری 4میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ اس کے بعد پروٹیز 30اور 31اکتوبر کوممبئی میں بورڈ پریزیڈنٹ الیون کے خلاف2روزہ ٹور میچ کھیلے گی جس کے بعد 4ٹیسٹ میچز مشتمل سیریز کا پہلا میچ 5سے 9نومبر تک موہالی کے مقام پر کھیلا جائے گا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 14سے 18نومبر تک بنگلور،تیسرا ٹیسٹ 25سے 29نومبر تک ناگ پور اور چوتھا اور آخری ٹیسٹ 3سے 7دسمبر تک نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ کا کہناتھا کہ بھارت اپنے گراؤنڈ پر ہمیشہ اچھی ٹیم ثابت ہوئی ہے تاہم وہ پر امید ہیں کہ جنوبی افریقہ میزبان ٹیم کے خلاف عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ بنگلور میں شیڈول دوسرا ٹیسٹ ممکنہ طور پر پروٹیز بلے باز اے بی ڈیویلیئرز کا 100واں ٹیسٹ ہوگا، وہ اب تک پروٹیز کی جانب سے 98ٹیسٹ کھیل چکے ہیں تاہم انہوں نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے باعث جنوبی افریقہ کے حالیہ دورہ بنگلہ دیش میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے معذرت کر لی تھی۔