پاکستان اور چین اقتصادی راہ داری کی بروقت تعمیر کے لیے پر عزم ہیں،منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی، حکومت پاکستان ہی نہیں ، تمام طبقات چین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے بارے میں مکمل طور پر یکسو ہیں

صدر مملکت ممنون حسین کی سابق چینی قونصل جنرل ٹینگ اور ان کی اہلیہ سے بات چیت

منگل 28 جولائی 2015 15:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں اقتصادی راہ داری کی بروقت تعمیر کے لیے پر عزم ہیں اور اس منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔انھوں نے یہ بات چین کے سابق قونصل جنرل مسٹر ٹینگ اور ان کی اہلیہ پروفیسر ڈاکٹر کونگ جولان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان ہی نہیں بلکہ ملک کے تمام طبقات چین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے بارے میں مکمل طور پر یکسو ہیں۔اس مقصد کے لیے دونوں ملکوں کے اداروں اور عوام کے درمیان مسلسل رابطے جاری رہنے چاہئیں۔پروفیسر ڈاکٹر کونگ جولان نے اس موقع پر صدر مملکت کو اپنی کتاب بھی پیش کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جولان چینی زبان کے علاوہ اردو کی بھی ممتاز ماہر ہیں اور انھوں نے چینی اردو ڈکشنری بھی مرتب کی ہے۔

صدر مملکت نے اپنے گزشتہ دور? چین کے موقع پر انھیں مشورہ دیا تھا کہ اردو جاننے والوں کی آسانی کے اردو چینی ڈکشنری بھی مرتب ہونی چاہئے۔ ڈاکٹر جولان نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ اردو چینی ڈکشنری پر بھی کام مکمل ہو چکا ہے اور وہ جلد ہی شائع ہوجائے گی۔صدر مملکت نے اس سلسلے میں ڈاکٹر جولان کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ علمی منصوبہ دونوں دوست قوموں کو مزید قریب لانے میں مدد دے گا۔مسٹر ٹینگ کراچی میں سابق قونصل جنرل رہے ہیں اور انھوں نے کراچی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ واضح رہے کہ بیس رکنی چینی وفد ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے جس میں وہ ماہرین بھی شریک ہیں جنھوں نے شاہرارہ ریشم کی تعمیر میں حصہ لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :