تمام حفاظتی بند اور پشتے مکمل طور پر محفوظ ہیں‘ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ رہوں گا‘ دوسرا سیلابی ریلہ گزرنے سے پہلے بندوں کی مضبوطی کا کام مکمل کیا جائے گا‘ حفاظتی پشتوں کو فی الفور مضبوط اور بندوں کی بلندی بڑھائی جائے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کالیہ کے سیلاب متاثرہ علاقے کے دورہ کے موقع پر عوام سے خطاب

منگل 28 جولائی 2015 15:19

لیہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام حفاظتی بند اور پشتے مکمل طور پر محفوظ ہیں‘ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ رہوں گا‘ دوسرا سیلابی ریلہ گزرنے سے پہلے بندوں کی مضبوطی کا کام مکمل کیا جائے گا‘ حفاظتی پشتوں کو فی الفور مضبوط اور بندوں کی بلندی بڑھائی جائے۔

وہ منگل کو لیہ کے سیلاب متاثرہ علاقے بھکری احمد خان کے دورہ کے موقع پر انتظامی عملے اور عوام سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں کا دورہ کرکے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ شہباز شریف کو لیہ کے سیلاب متاثرہ علاقے بھکری احمد خان میں حفاظتی اقدامات اور انتظامی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی جس دوران انہیں بتایا گیا کہ دریائے سندھ میں لیہ کے مقام پر چار لاکھ کیوسک پانی بہہ رہا ہے۔

(جاری ہے)

دریا کی قریبی آبادیوں سے سو فیصد انخلاء مکمل کرلیا گیا ہے۔ دریائے سندھ کی قریبی بستیوں سے ستائیس سو لوگوں کو نکال لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھکری احمد خان بند میں پڑنے والے شگاف کی شفاف تحقیقات کرینگے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دلائیں گے۔ سیلاب متاثرین کو خوراک ادویات اور مویشیوں کے لئے چارہ تقسیم کیا جارہا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں دوبارہ مکانات تعمیر کرکے دینگے۔ مشکل میں گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی 2010کے سیلاب کے تجربات سے فائدہ اٹھائے دوسرا سیلابی ریلہ گزرنے سے پہلے پہلے بندوں کی مضبوطی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ لیہ کی بستیوں کو محفوظ رکھنے کئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ حفاظتی پشتوں کو فوری طور پر مضبوط اور بندوں کی بلندی میں مزید اضافہ کیا جائے۔