ڈپٹی کمشنر سکھر کا بچاؤ بندوں اورریلیف کیمپوں کا دورہ

منگل 28 جولائی 2015 16:46

سکھر ۔28جولائی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) ڈپٹی کمشنر سکھر شہزاد فضل عباسی نے متعلقہ افسران کے ہمراہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر علی واہن بچاؤ بند، سومرا پنہواری اور زیرو پوائنٹ بندوں کا تفصیلی دورہ کیا اور ریلیف کیمپوں میں رہنے والے افراد کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لیا، منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کچے کے علاقے سے نقل مکانی کر کے بالائی علاقوں میں آنے والے افراد سے مسائل معلوم کئے اور موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ کچے کے لوگوں کو بچاؤ بندوں اور ریلیف کیمپوں میں پہنچانے کے لئے انکو فوری طور پر کشتیاں فراہم کی جائیں، جبکہ کیمپوں اور بچاؤ بندوں پر پہنچنے والوں کوکھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ اپنا گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پہنچے والے افراد کو کوئی بھی شکایت نہیں ہونی چاہیئے اور ان کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نے میڈیکل کیمپس کا دورہ بھی کیا اور ڈاکٹروں سے سیلاب متاثرین کو ملنے والی سہولیات کے بارے آگاہی لی۔