حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے دو متحرک ارکان کو گرفتار کر لیا ،رکنیت حاصل کرنیوالے تین افراد بھی پکڑے گئے

منگل 28 جولائی 2015 23:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء)حساس ادارے نے شاہدرہ کے علاقے میں کامیاب کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے دو متحرک ارکان سمیت حال ہی میں رکنیت حاصل کرنے والے تین افراد کوگرفتار کر کے جہادی لٹریچربرآمد کرلیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے ایک خفیہ اطلاع پر شاہدرہ کے علاقے میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم سے وابستہ اس کے دو متحرک ارکان کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت حافظ عثمان اور حافظ عمران کے نام سے ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کالعدم تنظیم کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لئے رکنیت سازی کر رہے تھے اور انہوں نے تین افراد کو اپنے گروپ میں شامل کر لیا تھا جنہیں بھی گرفتار کر لیا گیا۔ حساس اداروں نے گرفتار افراد کے قبضے سے جہادی لٹریچر اور دیگر مواد برآمد کر کے مزید تحقیقات کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔