بھارتی حکومت اور میڈیا کے بعد کر کٹرز نے بھی پاکستان کیخلاف زہر اگلنا شروع کر دیا

بدھ 29 جولائی 2015 13:27

بھارتی حکومت اور میڈیا کے بعد کر کٹرز نے بھی پاکستان کیخلاف زہر اگلنا ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جولائی۔2015ء) گورداس پورکے تھانے میں گذشتہ دن ہونے والے حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ ،بھارتی میڈیا کے بعد بھارتی کر کٹرز بھی پاکستان کیخلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے ، سابق بھارتی کپتان اورحال ہی میں ملکی بورڈ کے مشیر بنائے جانیوالے سارو گنگولی بھی پاکستان سے سیریز کی مخالفت میں کھل کرسامنے آگئے، مقامی کمپنی کی پروموشن تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سارو گنگولی نے کہا کہ میرے خیال میں بی سی سی آئی کا یہ کہنا درست ہے کہ دہشت گردی کے ہوتے ہوئے باہمی سیریز کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، کیونکہ بطور انسان ہم سب دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

لہذا پاکستان، بھارت کرکٹ سیریز میں ہمیشہ یہ مسئلہ رہے گا، میں 2004 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی بھارتی ٹیم کا کپتان رہا ہوں، جہاں پر ہم نے ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز جیتی تھی، ہم نے یہ ٹور 15 برسوں کے بعد کیا تھا، آئندہ ماہ دورئہ سری لنکا کے حوالے سے سوالات پر انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف دورے میں ملنے والا تجربہ ہمارے پلیئرز کو سری لنکا میں مددگار ثابت ہوگا، ویرات کوہلی، مرالی وجے، اجنکیا راہنے ، لوکیش راہول اور دیگر پلیئرز ہمسایہ ملک کیخلاف سیریز میں ملک کے لیے عمدہ کھیل پیش کرپائیں گے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم 12 اگست سے یکم ستمبر تک شیڈول سری لنکا کے دورے میں تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی، جس کا پہلا مقابلہ گال میں ہوگا جبکہ دیگردو میچز کولمبو میں شیڈول کیے گئے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ روی شاستری ٹیم ڈائریکٹر کے طور پر عمدگی سے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ دورئہ سری لنکا میں بھی بھارتی ٹیم کو سنبھالے رکھیں گے۔