پشاور ، بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے دوران جعلی ووٹ پول کر تے ہو ئے ایک خاتو ن اور مرد گرفتا ر

خاتون سے 45 جعلی ووٹ برآمد ، مقدمہ درج

جمعرات 30 جولائی 2015 12:28

پشاور ، بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے دوران جعلی ووٹ پول کر تے ہو ..

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) پشاور میں بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن سے جمعیت علماء اسلام (ف) کی خاتون ووٹر اور ایک مرد ووٹر کو جعلی ووٹ پول کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ خاتون سے 45 جعلی ووٹ برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشن میں الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ری پولنگ ہوئی۔

پشاور کے علاقے داؤد زئی کے ایک خواتین کے پولنگ اسٹیشن تخت آباد میں جے یو آئی (ف) کی جعلی ووٹر کو 45 جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کی کوشش میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولنگ اسٹیشن میں موجود انتخابی عملے نے خاتون کو جعلی ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا جس پر وہ مشتعل ہو گئی جبکہ خاتون کی مدد کے لئے ایک مرد اس کی حمایت میں آیا جس کے بعد ریٹرننگ افسر نے پولنگ اسٹیشن پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں کو طلب کیا اور دونوں کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

حراست میں لینے کے بعد خاتون سے 45 جعلی ووٹ برآمد ہوئے جبکہ خاتون اور مرد دونوں کا تعلق جے یو آئی (ف) سے بتایا جاتا ہے۔ واقعہ کے بعد دونوں جعلی ووٹروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جبکہ ادھر کرک میں بھی ایک پولنگ اسٹیشن سے 2 افراد کو جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کے جرم میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر بدنظمی دیکھی گئی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبے بھر کے 14 اضلاع کے 362 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا حکم دیا تھا۔