اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں مایوس کن کارکردگی ، اعجاز چوہدری کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی کا آخری اجلاس

انکوائری کمیٹی نے مایوس کن کارکردگی کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیکر کمیٹی اراکین سے مشاورت کے بعد اپنی سفارشات ہاکی پیٹرن انچیف وزیراعظم نواز شریف کو بھجوادیں اولمپکس گیمز کیلئے کوالیفائی نہ کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذمہ داران کیخلاف ایکشن لینے کی سفارش ،فیڈریشن نے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے تھے ایونٹ کی تیاری کیلئے مناسب ٹریننگ کیمپ بھی نہیں لگائے گئے تھے ، کمیٹی رپورٹ کمیٹی نیقومی کھیل ہاکی کی ساکھ کی بحالی کیلئے مناسب اقدامات اٹھانے ، ہاکی کی ترقی کیلئے فنڈز کی فراہمی اس کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے ، 10 سالہ ایکشن پلان جدید بنیادوں پر مرتب کرنے ،کوآپریٹ سیکٹر کے کسی بھی ادارے کو قومی کھیل کو سپانسر کرنے کیلئے احکامات بھی جاری کردیئے

جمعرات 30 جولائی 2015 18:09

اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں مایوس کن کارکردگی ، اعجاز چوہدری کی سربراہی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) وزیراعظم میاں نواز شریف کی ہدایت پر اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے پر قائم کی گئی انکوائری کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن ان چیف اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو اولمپکس گیمز کیلئے کوالیفائی نہ کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذمہ داران کیخلاف ایکشن لینے کی سفارش کردی ، اس بات کا فیصلہ جمعرات کو وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ اور انکوائری کمیٹی کے سربراہ اعجاز چوہدری کی سربراہی میں ہونے والے انکوائری کمیٹی کے آخری اجلاس میں کیا گیا ۔

جس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا ، شہباز سینئر اولمپئن ، خواجہ جنید ، کرنل ریٹائرڈ مدثر اصغر اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے کی وجوہات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کمیٹی اراکین سے تفصیلی مشاورت کے بعد انکوائری کمیٹی نے جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف کو بھجوائی گئی اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کی ساکھ کی بحالی کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں ۔

سفارش میں کہا گیا ہے کہ ہاکی کی ترقی کیلئے نہ صرف مناسب فنڈز جاری کئے جائیں بلکہ اس کے شفاف استعمال کو بھی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ سفارشات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بطور ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم کو کوآپریٹ سیکٹر کے کسی بھی ادارے کو قومی کھیل ہاکی کو سپانسر کرنے کیلئے احکامات بھی جاری کریں وزیراعظم کو بھجوائی گئی سفارشات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہاکی کی بحالی اور ترقی کیلئے ماہرین اور اولمپئن کی جانب سے ہاکی کا دس سالہ ایکشن پلان جدید بنیادوں پر مرتب کیا جائے تاکہ عالمی سطح پر ہاکی کے کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کیاجاسکے ۔

کمیٹی نے اپنی سفارشات میں مزید کہا ہے کہ بیلجئم میں کھیلے گئے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریو ں کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے تھے ایونٹ کی تیاری کیلئے مناسب ٹریننگ کیمپ بھی نہیں لگائے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ بیجلئم میں کھیلے جانے والے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہاکی ٹیم نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور قومی ٹیم کی اولمپک گیمز میں کوالیفائنگ نہ کرنے پر وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے وزارت بین الصوبائی رابطہ کو احکامات جاری کئے تھے کہ وہ اس شکست کی تحقیقات کرتے ہوئے اپنی سفارشات سے حکومت کو آگاہ کرے