ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے دوسری بار رپورٹ مکمل کر کے وزیر اعظم کو بھجوادی

ہاکی فیڈریشن کیخلاف سخت ایکشن لینے ،قومی کھیل کی بہتری کیلئے ہاکی ماہرین سے 10سالہ پلان تیار کر وانے کی تجاویز

جمعرات 30 جولائی 2015 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے دوسری بار رپورٹ مکمل کر کے وزیر اعظم کو بھجوادی ۔اس سے قبل بھجوائی گئی رپورٹ کو نامکمل قرارد یا گیا تھا ۔کمیٹی نے وزیرا عظم سے ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لینے اورقومی کھیل کی بہتری کیلئے ہاکی ماہرین سے 10سالہ پلان تیار کر واکے اس پر کام شروع کرانے کی تجاویز دیدیں۔

(جاری ہے)

فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ کیلئے ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا اورنہ ہی اولمپک کولیفائنگ راؤنڈ کیلئے ٹیم کو اچھی تیاری کروائی گئی ۔ورلڈ ہاکی لیگ میں مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کیلئے ہاکی فیڈریشن انتظامیہ کی جانب سے کوئی حکمت عملی تیار نہیں کی گئی تھی ۔ رپورٹ میں ہاکی کی بہتری کیلئے فنڈز جاری کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قومی کھیل ہاکی میں بہتری لانے کیلئے ہاکی ماہرین سے 10سالہ پلان تیار کر واکے اس پر کام شروع کروایا جائے۔

متعلقہ عنوان :