وفاقی دارالحکومت ہسپتالوں میں سروسز کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، موجودہ وسائل کے مد نظر پمز سمیت دیگرہسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے

صدر مملکت ممنون حسین کا و فاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعرات 30 جولائی 2015 19:06

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اسپتالوں میں سروسز کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت پر زور د یتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پمز سمیت دیگر اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے صدر مملکت نے اسپتالوں میں سہولیات، ادویات کی فراہمی اور مریضوں سے عملے کے رویے اور دیکھ بحال کا جائزہ لینے کے لیے سپاٹ چیکنگ کمیٹی کے قیام کی بھی ہدایت کی ۔

جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین نے و فاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس دوران وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے اسلام آباد کے اسپتالوں میں صحت کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پمز سمیت دیگر اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ استعمال شدہ سرنجوں کو تلف کرنے کا جدید نظام مرتب کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ معاملات کو بہتر بنانے کے لیے تیزی سے عملی اقدامات کیے جائیں اور اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا جائے۔ صدر مملکت نے اسپتالوں میں سہولیات، ادویات کی فراہمی اور مریضوں سے عملے کے رویے اور دیکھ بحال کا جائزہ لینے کے لیے سپاٹ چیکنگ کمیٹی کے قیام کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراھیم، رکن قومی اسمبلی محترمہ زیب جعفر، سیکرٹری کیڈ خالد حنیف اور شہید ذولفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم سمیت ایوان صدر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :