فراہمی آب کے منصوبہ K-4 کی مختص لاگت اور مقررہ مدت سے قبل تکمیل کو یقینی بنایا جائے، ایم ڈی واٹر بورڈ

ہفتہ 1 اگست 2015 21:03

کراچی ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ فراہمی آب کے منصوبہ K-4 کی مختص لاگت اور مقررہ مدت سے قبل تکمیل کو یقینی بنایا جائے اس میں ایک دن کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، منصوبہ کا سروے ڈیزائننگ کنسلٹنٹ فرم جلد بلکہ مقررہ مدت سے قبل تکمیل کرے تاکہ تعمیراتی کام کا آغاز ہو سکے، منصوبے کے ماہرین فنی لحاظ سے جائزہ لیں تاکہ اس منصوبہ سے شہری جلد فیضیاب ہوں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے K-4 منصوبہ آب رسانی کی کنسلٹنٹ فرم عثمانی اینڈ کو، کی بریفنگ کے دوران کیا۔ بریفنگ میں ایم ڈی واٹر بورڈ نے کے ۔فور منصوبہ کو واٹر بورڈ کے فراہمی آب کے سسٹم سے منسلک کرنے کا طریقہ کار پر ہدایت دیں تاکہ منصوبہ کے پہلے فیز کی تکمیل کے بعد منصوبہ کو موجودہ سسٹم سے اس طرح منسلک کیا جائے کہ پانی کی فراہمی میں بہتری آئے اور سسٹم میں کوئی پیچیدگی حائل نہ ہو۔

(جاری ہے)

دوران بریفنگ مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پلاننگ مشکور الحسنین اور فنانس خالد شیخ نے اس سلسلہ میں اہم ماہرانہ مشورے دیئے اور منصوبہ کے زیر بحث امور کے فنی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ کنسلٹنٹ ٹیم کے ٹیم لیڈر کرنل اجمل رشید، منصوبہ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سلیم صدیقی نے منصوبہ پر اب تک کی جانے والی عملی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پلاننگ مشکور الحسنین، فنانس خالد شیخ، پروجیکٹ ڈائریکٹر سلیم صدیقی، سی ای او انعام عثمانی اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہدایت کی کہ سروے ڈیزائننگ کا کام ستمبر سے قبل مکمل کر لیا جائے، تعمیراتی کام باؤنڈری وال، پلرز، برج، انٹیک چیمبرز اسٹرکچرز کی تعمیر، زمین کی تجزیاتی رپورٹس اور ٹیکنیکل کوالیفکیشن مکمل کر لی جائے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ ریونیو، آبپاشی، ای پی اے سمیت تمام محکموں سے متعلق معاملات کو وقت ضائع کئے بغیر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے جبکہ صوبائی سیکریٹری اریگیشن سے بھی منصوبہ کے سلسلہ میں رابطہ کیا جائے ، ان سے کے۔ فور کے افسران اور کنسلٹنٹ فرم کے ماہرین پیر کو ملاقات کریں گے تاکہ محکمہ آبپاشی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے بھی 11 ہزار ایکڑ سرکاری اراضی کے لئے میٹنگ کی جائے، ان تمام معاملات اور پروجیکٹ سے متعلق اب تک کئے جانے والے اقدامات سے متعلق امور پر چیف سیکریٹری سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے سیکریٹری سے بھی ملاقات کی جائے گی تاکہ کسی بھی حل طلب مسئلہ کو حل کیا جا سکے۔ دریں اثنا پروجیکٹ ڈائریکٹر کے۔فور سلیم صدیقی اور ٹیم لیڈر کنسلٹنٹ کرنل اجمل رشید نے بریفنگ دی اور ایم ڈی واٹر بورڈ کو پروجیکٹ کے بارے میں اب تک کئے جانے والے کاموں سے آگاہ کیا۔