طوفانی بارش نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی، چھتیں گرنے سے 20 افراد جاں بحق

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 2 اگست 2015 20:17

طوفانی بارش نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی، چھتیں گرنے سے 20 افراد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2اگست۔2015ء) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی۔ شور کوٹ کے علاقے گلگشت کالونی میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش سے گھر کی چھت گر گئی جس سے بھائی بہن جاں بحق ہو گئے۔ پاکپتن میں پرانی سبزی منڈی کے قریب گھر کی چھت مسلسل بارش نہ سہہ سکی اور گر گئی۔ چھت گرنے سے ماں اور دو بیٹیاں دم توڑ گئیں جبکہ گھر کا سربراہ شدید زخمی ہے۔

(جاری ہے)

الہ آباد اور بورے والا میں گھر کی گرنے والی چھتوں نے دو افراد کی جان لے لی۔ ادھر کرک میں بھی بارش سے گھر کی چھت گر گئی جس سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ وہاڑی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ حادثے میں دو بچے زخمی بھی ہوئے۔ بھکر اور میانوالی میں تیز بارش نے متعدد گھروں کی چھتیں گرا دیں جس سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ ساہیوال کے علاقے طارق بن زیاد کالونی میں بھی طوفانی بارش سے گھر کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ بارش کے باعث چھتیں گرنے سے 20 افراد کے جاں بحق جبکہ بچوں سمیت دس افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

متعلقہ عنوان :