Live Updates

قومی اسمبلی ،شیخ رشید احمد کو عمران خان کا دفاع کرنے کی کوشش پر تند و تیز جملوں کا سامنا

جمعرات 6 اگست 2015 16:57

قومی اسمبلی ،شیخ رشید احمد کو عمران خان کا دفاع کرنے کی کوشش پر تند ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء ) قومی اسمبلی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا دفاع کرنے کی کوشش پر مولانا فضل الرحمن ، مشاہد اللہ خان اور سعد رفیق کے تند و تیز جملوں کا سامنا کرنا پڑا ، بات بات پر جواب دینے کیلئے تیار رہنے والے شیخ رشید احمد ہارے جواری کی طرح سر جھکا کر تنقید برداشت کرتے رہے تاہم (ن) لیگ کے طلال چوہدری کی جانب سے دھرنوں کے اصل ملزم کا لقب ملنے پر بھڑک اٹھے اور طلال چوہدری کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم تو چوہدری پرویز الٰہی کے سامنے ڈانس کرتے رہے ، تم کیا طعنے دیتے ہو ، شیخ رشید احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کو انکی ایوان میں غیر موجودگی میں ہدف تنقید بنایا حالانکہ غیر حاضر رکن کے خلاف بات نہیں کی جاتی ، چاہے کچھ کہہ لیں ، عمران خان ملک کے اصل اپوزیشن لیڈر ہیں ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے برجستہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر گالم گلوچ اور برا بھلا کہنا اصل اپوزیشن ہے تو پھر حکومت کے خلاف بندوق اٹھانے والے اصل اپوزیشن قرار پائیں گے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کے لئے لاس اینجلس سے لے کر ڈی چوک تک کردار کے ثبوت کی بات کی ، فضل الرحمن نے جواب دیا کہ میں نے تو کسی کا نام نہیں لیا تھا ، شیخ صاحب واقف ہوں گے ، وہ لاس اینجلس سے ڈی چوک تک کے قصے بھی سنادیں ، جس پر ایوان میں زور دار قہقہے لگائے گئے تاہم شیخ رشید مایوسی کی تصوریر بنے خاموشی سے تنقید سنتے رہے ۔

اس دوران ایک موقع پر طلال چوہدری نے سپیکر کو مخاطب کرکے کہا کہ دھرنوں کا اصل مجرم شیخ رشید ہے ، آپ اسے بار بار بات کرنے کی اجازت کیوں دیتے ہیں۔ شیخ رشیداس حملے پر غصے میں آگئے اور طلال چوہدری کو کہاکہ تم تو چوہدری پرویز الٰہی کے آگے ڈانس کرتے رہے ۔۔ تم کیا طعنے دو گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات