اسلام آباد چیمبر کی جانب سے پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

ہفتہ 8 اگست 2015 18:22

اسلام آباد چیمبر کی جانب سے پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کے اعزاز میں تقریب ..

اسلام آباد ۔ 08 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہفتہ کو پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جنہوں نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کے آخری اوور میں چھکا لگا کر پاکستان کو میچ جتوایا ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر ، چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے اراکین ، اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرکٹر عماد وسیم نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف آخری ٹی ٹونٹی ان کیلئے ایک یادگار میچ تھا کیونکہ انہوں نے ایک مشکل وقت میں چھکا لگا کر پاکستان کیلئے میچ جیتا تاہم انہوں نے کہا کہ یہ ابھی ان کی ابتدا ہے اور وہ ملک کیلئے ایسے کئی یادگار میچ کھیلنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا وہ اس کامیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور پوری قوم کے بھی مشکور ہیں جو پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا گو تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی ہر میچ میں ملک کیلئے جیت کے جذبے سے کھیلیں گے اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے چیمبر کی طرف سے اعزازی تقریب منعقد کرنے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی تقریبات سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی و اسلام آباد کے خطے نے اس سے پہلے بھی شعیب اختر اور اظہر محمود سمیت نامور کھلاڑی پیدا کئے اور ہمارے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اس خطے سے عماد وسیم کی شکل میں ایک اور با صلاحیت کرکٹر ابھر کا سامنے آیا ہے۔

انہوں نے عماد وسیم کیلئے نیک خواہشات کاا ظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں کرکٹ کے میدان میں ملک و قوم کیلئے اسی طرح کئی کامیابیاں حاصل کریں گے۔انہوں نے اس خطے میں کرکٹ سمیت کھیلوں کے فروغ کیلئے اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن اور راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر، اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ناصر اقبال، راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنسلٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالمعہی شاہ اور صدر محسن علی ،سپورٹس صحافی و اینکر پرسن عالیہ رشید، رانا تنویر، زاہد فاروق، شکیل اعوان اور تاجر برادری کے نمائندگان نے بھی کرکٹر عماد وسیم کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔

اس موقع پر نعیم صدیقی نے کرکٹر وسیم عماد کو کیش انعام بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :