ایشز سیریز ، آسٹریلیا کی ایک اننگز اور 78رنز کی بدترین شکست ، سیریز 3-1 سے انگلینڈ کے نام

ہفتہ 8 اگست 2015 20:54

ایشز سیریز ، آسٹریلیا کی ایک اننگز اور 78رنز کی بدترین شکست ، سیریز 3-1 ..

ٹوٹنگھم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء)انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست دے کر ایشز ٹرافی دوبارہ حاصل کر لی ہے۔ناٹنگھم میں ٹرینٹ برج کے میدان پر کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 331 رنز بنانا تھے لیکن وہ تیسرے دن اپنی دوسری اننگز میں 253 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔

آسٹریلیاکی جانب سے ڈی اے وارنر 64رنز اور اور راجر 52رنز کے ساتھ نمایاں رہے سٹیورٹ براڈ کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔، پہلی اننگز میں سٹیورٹ براڈ نے 8 جبکہ دوسری اننگز میں اسٹوکس نے 6کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سیریز کا آخری میچ 20اگست کو لارڈز میں کھیلا جائے گا ۔ہفتے کو جب کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ کو فتح کے لیے تین وکٹیں درکار تھیں جو انگلش بولروں نے پہلے سیشن میں ہی حاصل کر لیں۔

(جاری ہے)

اس میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 60 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ نے جو روٹ کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر بڑی سبقت حاصل کر لی تھی۔آوٴٹ ہونے والے پہلے بلے باز مچل سٹارک تھے جو بین سٹوکس کی اس اننگز میں چھٹی وکٹ بنے جبکہ اگلے ہی اوور میں وڈز نے ہیزل وڈ کو صفر پر بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو فتح کے مزید قریب پہنچا دیا۔

ووڈز نے ہی لیون کو بولڈ کر کے آخری آسٹریلوی وکٹ بھی حاصل کی۔ایڈم ووجز نے ایک اینڈ سنبھالا لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں پہلی اننگز میں 60 کے مجموعی سکور پر آوٴٹ ہونے والی آسٹریلوی ٹیم کے اوپنرز تو دوسری اننگز میں نسبتاً بہتر کھیلے لیکن مڈل آرڈر میں ایڈم ووجز کے علاوہ باقی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہی رہی۔پہلی اننگز میں صفر پر آوٴٹ ہونے والے آسٹریلوی اوپنرز کرس روجرز اور ڈیوڈ وارنر نے اس اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں اور ووجز بھی 51 رنز بنانے کے بعد ناٹ آوٴٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس 21 اوورز میں 36 رنز کے عوض چھ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ وڈز نے تین اور پہلی اننگز میں آٹھ وکٹیں لینے والی سٹوئرٹ براڈ نے ایک وکٹ لی اس سے قبل پہلی اننگ میں آسٹریلیا کی ٹیم کو محض 60رنز پر 18.3اوورز میں آل آوٹ کر دیاجس میں سٹورٹ براڈ نے 15رنز دے کر آسٹریلیا کے 8کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا جوکہ آسٹریلیا جیسی ٹیم کیلئے انتہائی دردناک ثابت ہوا۔

انگلینڈ نے آسٹریلیا کے 60رنز کے جواب میں 9وکٹوں کے نقصان پر 85.2اوورز میں 391رنز بنائے اور 331رنز کی برتری حاصل کی جس میں جے ای روٹ 130رنز اور جے ایم بیز ٹو 74رنز کے ساتھ نمایا ں رہے لیکن آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگ میں بھی سنبھل نہ پائی اور اانگلینڈ کے 331رنز کو عبور نہ کر سکتی اور محض 253رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔۔واضح رہے کہ اس فتح کے نتیجے میں پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز میں انگلینڈ کو تین ایک کی ناقابلِ شکست برتری ہوگئی ہے۔

کارڈف میں کھیلے گئے ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دی تھی تاہم لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔اس کے بعد برمنگھم میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کر لی تھی۔ `