دریائے سندھ کے سیلابی ریلے نے تباہی مچادی‘دادو ،خیرپور اور کشمور کے سیکڑوں دیہات تباہ

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 11 اگست 2015 14:56

دادو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اگست۔2015ء)دریائے سندھ کے سیلابی ریلے نے تباہی مچادی۔دادو ،خیرپور اور کشمور کے سیکڑوں دیہات سیلاب زیر آب آگئے ۔ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے۔خیرپور کے کچے کے علاقوں سے سات لاکھ کیوسک کا ریلا گزر ا جس سے کچے کے علاقے میں کاشت کی گئی فصلیں زیرآب آگئی ہیں جبکہ سیلاب سے دو سو سے زائد دیہات بری طرح متاثرہوئے ہیں ۔

گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 35 ہزار کیوسک کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

پانی کی آمد 6 لاکھ 59 ہزار 253 اور اخراج 6 لاکھ 36 ہزار 518 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔کشمور،شکارپور،لکی غلام شاہ کے تمام کچے کے علاقے پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ادھر راجن پور، ڈیرہ غازی خان ، لیہ اور میانوالی میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے جس کی وجہ سے لوگ گھروں کو واپس نہیں جاسکتے۔ جبکہ خیمہ بستیوں میں مقیم متاثرین عدم توجہ کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں ۔رحیم یار خان میں بنگلا دل کشا اور نور پور حفاظتی بندوں پر سیلاب کا دباو برقرار ہے۔سیلاب سے ضلع میں 265 دیہاتوں میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔