خواتین عازمین حج با جماعت نماز اور جنازہ پڑھنے کا طریقہ ضرور سیکھیں‘ کعبہ کا نفلی طواف زیادہ سے زیادہ کریں،طواف کے دوران مردوں کی بھیڑ میں مت گھسیں‘ عبایا ضرور اوڑھیں ‘کانچ کی چوڑیاں مت پہنیں

خواتین کے لئے منعقدہ حج تربیتی پروگرام میں مقررین کا خطاب

منگل 11 اگست 2015 21:24

خواتین عازمین حج با جماعت نماز اور جنازہ پڑھنے کا طریقہ ضرور سیکھیں‘ ..

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اگست۔2015ء) خواتین حج پر روانگی سے پہلے اپنے محرم مردوں سے با جماعت نماز اور جنازہ پڑھنے کا طریقہ ضرور سیکھ لیں اور حرمین شریفین میں باجماعت نماز کی ادئیگی یقینی بنائیں- بیت اﷲ کا زیادہ سے زیادہ نفلی طواف کریں کیونکہ یہ ایسی عبادت ہے جو کسی اور جگہ نہیں ہو سکتی ‘ تا ہم طواف کے دوران مردوں کی بھیڑ میں گھسنے سے اجتناب کریں اور کانچ کی چوڑیاں بھی نہ پہنیں جو ٹوٹ کر گرنے دوسروں کے پاؤں زخمی ہو جاتے ہیں- حج کی اہمیت کے پیش نظر ضروری ہے کہ خواتین اس کی مکمل تیاری کریں ‘ مناسک حج کی تربیت اور ضروری مسائل کے بارے میں اچھی طرح معلومات حاصل کر یں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز حرم فورم کے تحت خواتین کے لئے منعقدہ ایک حج تربیتی پروگرام کے دوران مقررین نے بتایا کہ سعودی حکومت نے ہر عمر کی تمام خواتین پریہ پابندی عائد کر دی ہے کہ اپنی قیام گاہ سے باہر نکلنے سے پہلے اپنے کپڑوں پر عبایا ضرور پہن لیں ‘ ورنہ انہیں باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی- خواتین مدینہ میں قیام کے دوران دن میں تین مرتبہ یعنی صبح سات سے گیارہ بجے‘ نماز ظہر کے بعد ڈیڑھ سے تین بجے اور نماز عشاء کے بعد رات 12بجے تک مسجد نبوی میں روضہ رسول کے قریب ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کرسکتی ہیں- ان اوقات کے دوران خواتین کے لئے پردے کا انتظام کر کے انہیں اس جگہ پر مختلف ممالک کی خواتین کے گروپوں کی صورت میں لے جایا جاتا ہے تا کہ سب خواتین وہاں نفل ادا کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں- انہوں نے کہا کہ حر مین شریفین میں گزارا جانے والا ہر دن اور ہر دن کا ایک ایک لمحہ نہایت انمول ہے - اس قیمتی وقت کو غیر ضروری باتوں اور دوسری خواتین کے تذکرے میں ضائع نہ کریں‘ ساس بہو اور نند بھاوج کے جھگڑے تو ازل سے چل رہے ہیں اور ابد تک جاری رہیں گے‘حرمین شریفین میں صرف اور صرف اﷲ کا ذکر کریں‘ رسول اﷲؐ کے حضور درود سلام کا نذرانہ پیش کریں اور اپنی پوری توجہ صرف اور صرف عبادت‘ تلاوت اور تسبیحات کی طرف رکھیں۔

متعلقہ عنوان :