وزارت پانی و بجلی اور خیبر پختونخوا حکومت میں بہتروصولی والے علاقوں میں کم لوڈشیڈنگ کا معاہدہ ہوا ہے ، پہلے سے موجود لوڈشیڈنگ کے شیڈول میں 50فیصد کمی کی جا رہی ہے،وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں 5نئے گرڈ سٹیشن قائم کر رہی ہے، حکومت کو صوابی ون سے87فیصد اور صوابی 2سے91فیصد وصولی ہو رہی ہے ،اس علاقے میں لائن لاسز بہت کم ہیں

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا سینیٹر ستارہ ایاز کے تو جہ دلاؤ نو ٹس کا جواب

منگل 11 اگست 2015 22:06

وزارت پانی و بجلی اور خیبر پختونخوا حکومت میں بہتروصولی والے علاقوں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزارت پانی و بجلی اور خیبر پختونخوا حکومت میں معاہدہ ہوا ہے کہ جن علاقوں میں ریکوری اچھی آ رہی ے وہاں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے اور وہاں پہلے سے موجود لوڈشیڈنگ کے شیڈول میں 50فیصد کمی کی جا رہی ہے،وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں 5نئے گرڈ سٹیشن قائم کر رہی ہے، حکومت کو صوابی ون سے87فیصد اور صوابی 2سے91فیصد ریکوری ہو رہی ہے اور اس علاقے میں لائن لاسز بہت کم ہیں، اس لئے وزارت پانی و بجلی صوبی میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کیلئے انتظامات کر رہی ہے وہ منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر ستارہ ایاز تو جہ دلاؤ نو ٹس کا جواب دے رہے تھے۔

قبل ازیں سینیٹر ستارہ ایاز نے توجہ مبذول کرانے کا نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ پورے خیبرپختونخوا میں طویل ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور خاص کر صوابی ڈسٹرکٹ میں 18سے20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی اسی طرح لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں 132کے وی کی لائن بچھائی گئی ہے مگر اس کا ابھی تک افتتاح نہیں ہو سکا، وفاقی حکومت خود اس کا افتتاح کرنا چاہتی ہے جبکہ صوبائی حکومت الگ سے اس کا افتتاح کرنا چاہتی ہے، جس کی وجہ سے منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود چل نہیں سکا، جس پر وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ صوابی میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوابی کا علاقہ مردان گرڈ سٹیشن سے منسلک ہے وہاں جو ٹرانسمیشن لائن پر وہ 450ایمپیئر سے زیادہ لوڈ برداشت نہیں کر سکتی جبکہ اسی علاقے کی ضرورت 700ایمپیئر ہے، حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے 132کے وی لائن بچھائی گئی ہے، جس کا بہت جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ صوا بی سے ہمیں اچھی ریکوری مل رہی ہے اور وزارت پانی و بجلی چاہتی ہے کہ وہاں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ وزارت پانی و بجلی اور کے پی کے حکومت میں معاہدہ ہوا ہے کہ جن علاقوں میں ریکوری اچھی آ رہی ے وہاں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے اور وہاں پہلے سے موجود لوڈشیڈنگ کے شیڈول میں 50فیصد کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں 5نئے گرڈ سٹیشن قائم کر رہی ہے۔