برصغیر میں پاپ میوزک کی بانی نازیہ حسن کی 15 ویں برسی کل منائی جائیگی

بدھ 12 اگست 2015 12:17

برصغیر میں پاپ میوزک کی بانی نازیہ حسن کی 15 ویں برسی کل منائی جائیگی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء ) برصغیر میں پاپ میوزک کی بانی نازیہ حسن کی 15 ویں برسی کل(جمعرات ) کو منائی جائے گی ۔نازیہ حسن نے پندرہ سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا ان کی گائیکی سے متاثر ہوکر بھارتی پروڈیوسر وڈائریکٹر فیروز خان نے ان کو اپنی فلم ”قربانی“کے گانے کیلئے منتخب کرلیا ۔ نازیہ حسن نے فلم قربانی میں گانا ” آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے “گا کر چاروں طرف اپنی خوبصورت آواز کا جادو بکھیر دیا اوراس گانے نے نازیہ حسن کو راتوں رات سپراسٹار بنا دیا اور اس طرح وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت کی میوزک انڈسٹری میں بھی جانا پہچانا نام بن گئیں۔

نازیہ حسن کا پہلا البم ”ڈسکو دیوانے “1982 ء میں ریلیز ہوا جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

(جاری ہے)

اس البم میں ان کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔ڈسکو دیوانے کے بعد اگلے دس سالوں میں نازیہ کے چار مزید البم بوم بوم،ینگ ترنگ، ہاٹ لائن اور کیمرہ کیمرہ ریلیز ہوئے۔ نازیہ نے پاکستان میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے کے لیے بین کے نام سے این جی او بھی بنائی ۔

نازیہ حسن نے اپنے کیرئیر میں مجموعی طور پر 20سے زائد میوزک ایوارڈ حاصل کیے۔جن میں بالی وڈ کا سب سے بڑا فلم فیئر ایوارڈ بھی شامل ہے۔ میوزک کی دنیا میں لاتعداد خدمات کے نتیجے میں حکومت پاکستان نے نازیہ حسن کو پرائڈ آف پرفارمنس بھی دیا ۔کیرئیر کے عروج میں ہی نازیہ کو پھیپھڑوں کا کینسر لاحق ہوگیا تھا جس کے باعث وہ 13 اگست 2000 ء کو لندن کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔ نازیہ حسن پندرہ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود اپنے خوبصورت گانوں کی وجہ سے آج بھی پرستاروں کے دلوں میں زندہ ہیں ۔