آفریدی نے مجھے ہمیشہ اپنا بھائی سمجھا ، لالہ سے بہت کچھ سیکھا ، احمد شہزاد

بدھ 12 اگست 2015 13:02

آفریدی نے مجھے ہمیشہ اپنا بھائی سمجھا ، لالہ سے بہت کچھ سیکھا ، احمد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نے کہا ہے کہ وہ ویرات کوہلی کی بیٹنگ سے ہرگز متاثر نہیں اور انہوں نے ہمیشہ خامیوں پر قابو پاتے ہوئے اپنی بیٹنگ کو بہتر بنایا ہے،نہ تو میں کسی انٹرنیشنل کرکٹر کی پیروی کرتا ہوں اور نہ کسی سے اپنا موازنہ پسند ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مثبت ذہن کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہیں اور یقیناً اپنا سٹرائیک ریٹ بہتر بنا سکتے ہیں۔

’جب میں انڈر-19 سے آیا تو مجھ میں بہت جوش تھا لیکن جیسے جیسے آپ زیادہ کھیلتے اور کرکٹ کو سمجھنے لگتے ہیں تو آپ کو ٹیم کی خاطراپنے پْر خطر کھیل کو دبانا پڑتا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اور وہ قومی ٹیم میں خصوصی جگہ پانے کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

’میں تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کا خواہش مند ہوں لیکن میرا خواب ملک کیلئے 100 ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے‘۔

ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا اکہ آفریدی نے ہمیشہ انہیں اپنا بھائی سمجھا اور انہوں نے ’لالہ‘ سے بہت کچھ سیکھا انہوں نے ہمیشہ مشکل کے شکار نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کی کوشش کی۔شہزاد نے ٹیسٹ بلے بازاور سابق کپتان یونس خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے نا صرف انہیں بڑا کھلاڑی بلکہ بڑا انسان بھی قرار دیا۔ #/s#