آئی سی سی پر قابض بگ تھری نہیں 3سانپ ہیں ، للت مودی

بدھ 12 اگست 2015 13:07

آئی سی سی پر قابض بگ تھری نہیں 3سانپ ہیں ، للت مودی

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء)انڈین پریمیئر لیگ کے سابق سربراہ للت مودی نے آئی سی سی پر قابض بگ تھری کو تین سانپ قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی امور پر انگلینڈ آسٹریلیا اور بھارت کی حکمرانی ہے اور انہیں بگ تھری کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان تین ممالک کے قبضے سے چھوٹے ممالک کے مفادات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے۔

اس بارے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا انگلینڈ اور آسٹریلیا نے بھارت کو عالمی کرکٹ پر قبضہ کرنے میں مدد فراہم کی۔

(جاری ہے)

دراصل یہ تینوں ہی تین سانپوں کی مانند ہیں۔ ان کا ایک ہی علاج ہے کہ انہیں گردن سے پکڑ کے ان کا سر کچل دیا جائے۔ یہ کرکٹ کی بقا کیلئے ضروری ہے اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو کرکٹ ختم ہوجائے گی۔للت مودی بگ تھری کے شدید مخالف ہیں۔

ان کے اصل اختلافات بی سی سی آئی سے ہیں۔ بگ تھری سے نمٹنے کیلئے للت مودی ایک ایسے منصوبے کا بھی انکشاف کرچکے ہیں جس کے تحت آئی سی سی کے متوازی باڈی قائم کی جاتی۔ اس باڈی کو انٹرنیشنل اولمپک موومنٹ سے منظور کروانے کا بھی منصوبہ تھا۔ اگر یہ منظور ہوجاتی تو ایسے میں چھوٹے ممالک کے آئی سی سی وابستگی ختم کرنے کا امکان بڑھ جاتا۔