یوم آزادی کے موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت سی ڈی اے اور فیڈریشنز پرسوں محتلف مقابلوں کا انعقاد کرینگی

بدھ 12 اگست 2015 15:02

یوم آزادی کے موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت سی ڈی اے اور فیڈریشنز ..

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) یوم ازادی کے موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت سی ڈی اے اور فیڈریشنز جمعہ کو محتلف مقابلوں کا انعقاد کرینگی۔اس سلسلے میں کھیلوں کی مختلف تنظیموں نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے مختلف مقابلوں کے انعقاد کو حتمی شکل دی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر آغا امجد الله نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ جشن آزادی کے سلسلہ میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرے گا جن میں فٹ بال، کبڈی اور ہاکی کے مقابلے شامل ہیں اور ان مقابلوں کی تیاری کے سلسلہ میں انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ہر سال جشن آزادی کے موقع پر مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کراتا ہے۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کے موقع پر14 اگست کو پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام ملک بھر میں نیٹ بال کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر مرد اور خواتین ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، واہ کینٹ، اسلام آباد، حیدرآباد اور فیصل آباد میں ہوں گے جس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں۔

پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے جوجٹسو آزادی کپ 14 اگست کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ڈائریکٹر سپورٹس طارق علی نے بتایا کہ ایونٹ میں مرد اور خواتین کھلاڑی مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ یہ ایونٹ جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سید عارف حسن ہوں گے۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ ملک بھر میں جشن آزادی سائیکلنگ ریس کے مقابلے 14 اگست کو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن سے منسلک تمام یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سائیکلنگ ریس کے مقابلے منعقد کروائیں اور یہ مقابلے 14 اگست کو ہوں گے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن نے یوم آزادی کے حوالے سے مختلف مقابلوں کو حتمی شکل دی ہے۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود احمد خان کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو مین ایونٹ ایبٹ آباد میں کھیلا جائے گا جہاں پر آزادی کا کیک بھی کاٹا جائے گا۔ 14 اگست کو پنجاب، فاٹا اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کے درمیان میچ پشاور میں کھیلے جائیں گے۔ کراچی اور لاہور بھی اپنے اپنے شہروں میں 14 اگست کو جوڈو کے مقابلے منعقد کرائیں گے۔

مسعود احمد خان نے کہا کہ پاکستان جوڈو فیڈریشن نے تمام یونٹس کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے کہ تمام یونٹس یوم آزادی کے موقع پر جوڈو کے مقابلوں کا انعقاد کریں تاکہ یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منایا جا سکے۔ سی ڈی اے سپورٹس اینڈ کلچرل ڈائریکٹوریٹ نے بھی یوم آزادی کے موقع پر مختلف کھیلوں کے پروگرام کو حتمی شکل دی۔ سی ڈی اے سپورٹس اینڈ کلچرل ڈائریکٹوریٹ کے حکام کے مطابق یوم آزادی کے موقع 14 اگست سے 16 اگست تک ایف نائن کرکٹ گراؤنڈ دوپہر 12 بجے سے رات 10:30بجے تک مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ 14اگست سے 18اگست تک دوپہر 12بجے سے رات 10:30بجے تک سوپ سوکر کلب کے زیر اہتمام سوپ سوکر فٹ بال مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ مقابلے پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہو گا جس میں اسلام آباد کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جشن آزادی وومن ٹینس کپ 14 اگست کو صبح 9 بجے سے اسلام آباد ٹینس کورٹ جی سکس، اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر فضل سبحان نے بتایاکہ ٹورنامنٹ میں اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، اٹک، جہلم اور واہ کینٹ کی خواتین کھلاڑی شرکت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی خواتین کھلاڑیوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے نام 14 اگست صبح 8 بجے تک رجسٹرڈ کروا سکتی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دو کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے جن میں لیڈیز سنگلز اور لیڈیز ڈبلز شامل ہیں۔ فضل سبحان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے انتظامات کے سلسلہ میں آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس 12 اگست کو ہوگا۔ جس میں انتظامات کو آخری شکل دی جائے گی۔

ینگ رائزنگ سٹار وومن فٹ بال کلب راولپنڈی کے زیراہتمام جشن آزادی وومن فٹ بال ٹورنامنٹ 14 اگست سے او پی ایف کالج گراؤنڈ، ایچ ایٹ، اسلام آباد پر شروع ہوگا۔ ینگ رائزنگ سٹار وومن فٹ بال کلب کے صدر حاجی غیاث الدین بلوچ نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی 4 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں ینگ رائزنگ سٹار کلب، اسلام آباد کلب، ینگ رائزنگ اور اسلام آباد انٹرنیشنل سکول کلب ٹیمیں شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ لیگ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے اور 17 اگست تک جاری رہے گا۔ پنجاب اولمپکس ایسویس ایشن کے تعاون سے آزادی باسکٹ بال میچ 14 اگست کو پنجاب بلیو اور پنجاب وائٹ کے درمیان گورنمنٹ کالج یونیورسٹی گراؤنڈ لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے پروفیسر خادم علی خان ہوں گے جو فاتح ٹیم اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔ یوم آزادی کے موقع پر پاکستان تائی کوانڈو فیڈریشن بھی ملک بھر میں مختلف مقابلوں کا انعقاد کرے گی۔ فیڈریشن نے تمام یونٹس کو آگاہ کیا کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں تائی کوانڈو کے مقابلوں کا انعقاد کریں۔

متعلقہ عنوان :