پی سی بی اورقومی کرکٹرزسینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پراپنی اپنی ضد پرقائم

جمعرات 13 اگست 2015 12:52

پی سی بی اورقومی کرکٹرزسینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پراپنی اپنی ضد پرقائم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء)چارماہ گزرگئے، پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پراپنی اپنی ضد پرقائم ہیں۔ پی سی بی انفرادی بونس کو کنٹریکٹ سے نکالنے جبکہ کھلاڑی ماہانہ وظیفہ بڑھانے اور انفرادی بونس کی شق کو کنٹریکٹ میں شامل رکھنے پر بضدہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کرکٹرز کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ ابھی تک حل نہیں ہوسکا۔

چار ماہ گزرنے کے باوجود پی سی بی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلی کی شقوں پر قائل نہیں کر سکا۔ ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز ماہانہ فیس اوروننگ بونس کو بڑھانے کے مطالبے پر ابھی تک قائم ہیں۔ سال کے شروع میں پی سی بی نے کھلاڑیوں کو تین ماہ کا سینٹرل کنٹریکٹ دیا تھا اور کہا گیا کہ ورلڈ کپ کے اختتام پر اپریل سے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پی سی بی حکام نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ون ڈے فارمیٹ کے کپتان اظہر علی سے بھی ملاقات کی ہے۔بورڈ ذرائع کے مطابق دونوں کپتانوں نے بورڈ حکام سے ملاقات میں کھلاڑیوں کے مطالبات کی تائید کی۔ کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ ان کو دنیا بھر کے کرکٹرز سے کم معاوضہ ملتا ہے۔ ماہانہ وظیفہ اور وننگ میچ بونس بڑھایا جائے۔ کھلاڑیوں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ انفرادی پرفارمنس پر بونس ملنے کی شق کو بھی کنٹریکٹ میں شامل رکھا جائے۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ انفرادی بونس کی بجائے صرف سیریز کی کامیابی پر بونس دیا جائے گا۔