کراچی آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،جرم وسیاست الگ الگ ہیں، کراچی آپریشن مجرموں کے خلاف ہے،ایم کیو ایم کا معاملہ سیاسی طریقے سے حل کریں گے،پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے، بیلا روس کے صدر نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقاتوں کے دوران بارہا آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کی تعریف کی

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کی تحریک پاکستان کے حوالہ سے تصویری نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 13 اگست 2015 18:41

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے، بیلا روس کے صدر نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو دنیا بھر کیلئے مفید قرار دیا، ایم کیو ایم کا معاملہ سیاسی طریقے سے حل کریں گے، کراچی آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہم قائداعظم محمد علی جناحکے فلسفہ سیاست پر عمل پیرا ہیں۔

وہ جمعرات کو لوک ورثہ میوزیم ہال میں”ہمارا قائد ہمارا پاکستان“کے عنوان سے تحریک پاکستان کے حوالہ سے تصویری نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔ وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اس نمائش میں مسلمانان برصغیر کیلئے علیحدہ وطن حاصل کرنے والے عظیم رہنماؤں کی یادگار تصاویر پیش کی گئی ہیں ، یہ تصاویر قومی اور سیاسی تاریخ کا خزانہ ہیں، ان تصاویر میں قائداعظم محمد علی جناح، ان کے خاندان، سرسید احمد خان اورعلامہ محمد اقبال کی تصاویر شامل ہیں، قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں نے جدوجہد آزادی کیلئے جو وسیلے اور طریقہ کار اختیارکیا وہ ان تصاویرمیں نمایاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان تصاویر میں شخصیات کے علاوہ مائیک، قلم اور کتاب نمایاں ہیں، ان تمام چیزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جدوجہد آزادی اور تحریک پاکستان کے دوران اور سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے شدت پسندی کو اختیار نہیں کیا بلکہ انہوں نے بات چیت کے ذریعہ قانون کے دائر میں رہتے ہوئے جمہوری جدوجہد کے ساتھ اپنے مقاصد حاصل کئے۔

انہوں نے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے کبھی تلوار نہیں اٹھائی، اپنی تحریر وتقریر کے ذریعہ اپنے مقاصد حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تاریخی تصاویر کے ذریعہ اپنے بچوں کو یہ پیغام دے سکتے ہیں کہ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے خود کش جیکٹ پہننا اور ٹارگٹ کلنگ ٹھیک نہیں بلکہ آپ اپنے علم، قانون ، تحریر اور تقریر سے لوگوں کو ساتھ ملا کر جمہوری طریقے سے اپنے مقاصد حاصل کرسکتے ہیں، مہذب قوموں کا یہی وطیرہ ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ان تصاویر میں قائداعظم اپنی بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، یہ ہمارے لئے پیغام ہے کہ خواتین معاشرے کا اتنا ہی اہم حصہ ہیں جتنے مرد ہیں، ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جس میں خواتین انفرادی اور قومی زندگی میں اپنا کردار ادا کرسکیں، ہمیں معاشرے کو خواتین اور مرد میں تقسیم کرنے کی بجائے سب کو فرد سمجھنا چاہئے اور سب کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کو جدید جمہوری ملک بنانا چاہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یوم آزادی کے موقع پر ان تصاویرکے ذریعہ آنے والی نسلوں کو حقیقی پاکستان، حقیقی قائداعظم اور ان کے حقیقی پیغام سے روشناس کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گذشتہ 65 سال کی غلطیوں کو تسلیم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہئے، ہم نے مختلف ادوار میں وقتی ضرورتوں اور مصلحتوں کے تحت قائداعظم محمد علی جناح کے پیغام کو مسخ کیا۔

ان کی تقاریر کے الفاظ اور مفہوم بدل دیا، یونٹی، فیتھ، ڈسپلن کا پیغام قائداعظم کی اپنی آواز میں موجود ہے تاہم ہم نے1977-78 ء کے بعد اس کی ترتیب اور مفہوم بدل دیا، آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم قائداعظم محمد علی جناحکی تحریر وتقریر میں ملاوٹ نہیں کریں گے، ان کے مسخ کئے گئے پیغام کو درست کریں گے، ہم دودھ اور پانی میں ملاوٹ نہیں کریں گے بلکہ ملک سے ہر قسم کی ملاوٹ ختم کردیں گے، ہم ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کرکے درست کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح روشن خیال، ترقی پسند اور جمہوریت پسند رہنما تھے۔ انہوں نے تشدد کا راستہ کبھی اختیارنہیں کیا، وہ طاقت سے سیاست نہیں کرتے بلکہ سیاست سے طاقت حاصل کرتے تھے۔ بعد میں میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ایم کیو ایم کا معاملہ سیاسی ہے اور اسے سیاسی طریقے سے حل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح دلائل، تحریر و تقریر کی سیاست کرتے تھے، ہم قائداعظم محمد علی جناح کے سیاسی فلسفہ پر عمل کررہے ہیں، سیاسی معاملات، سیاسی طریقہ سے ٹھیک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرم وسیاست الگ الگ ہیں، کراچی آپریشن مجرموں کے خلاف ہے، کسی سیاسی جماعت اور سیاسی شخصیت کے خلاف نہیں ہے، کراچی آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ کراچی کے شہریوں نے کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہارکیا ہے، ایم کیو ایم کے جائز خدشات اورتحفظات کا جائزہ لیں گے، کراچی کے عوام نے ایم کیو ایم کو ووٹ دیئے ہیں، ایم کیو ایم ایک منتخب سیاسی جماعت ہے، ان کو لاکھوں لوگوں نے ووٹ دیئے ہیں، ان لاکھوں لوگوں کی آواز کا اسمبلی میں موجود رہنا ضروری ہے، ہم ان لوگوں کی آواز سننا چاہتے ہیں تاہم ان ووٹرز کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ امن اور سکون سے رہیں اور اپنے معمولات زندگی پرامن اندازمیں ادا کرسکیں، ہم ان کے ووٹ اور زندگی کو پرامن اور محفوظ طریقے سے گزارنے کے حق کو تسلیم کرتے ہیں اور ان دونوں حقوق کو برقرار رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے یہ خوشی کی بات ہے کہ بیلا روس کے صدر نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقاتوں کے دوران بارہا آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کے اقدامات سے پوری دنیا زیادہ محفوظ ہوگئی ہے۔ وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان اپنے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جو اقدامات کررہا ہے پوری دنیا اسے تسلیم کررہی ہے۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی خان، منیجنگ ڈائریکٹر اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء شیراز لطیف، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سید عمران گردیزی اور وزارت اطلاعات ونشریات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔