یوم آزادی گیمز، سپورٹس بورڈ پنجاب الیون نے کمشنر الیون کو4-2سے شکست دیدی

سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے فیضان نے دو ، یاسر اور نوید عالم نے ایک ایک گول کیا، سوئمنگ گالا میں یحییٰ ، سلمان، میکال، مصطفی، حسن اختر کامیاب رہے اتفاق کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹی 20کرکٹ میچ کے مہمان مخصوصی ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور تھے، اداکارشان، کرکٹراظہر علی اور دیگر نے شرکت کی

جمعرات 13 اگست 2015 21:57

یوم آزادی گیمز، سپورٹس بورڈ پنجاب الیون نے کمشنر الیون کو4-2سے شکست ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام یوم آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب الیون اور کمشنر الیون کے درمیان ہاکی میچ ہوا، جس میں سپورٹس بورڈ پنجاب الیون نے کمشنر الیون کو4-2 گول سے شکست دیدی، سپورٹس بورڈ پنجا ب کی جانب سے فیضان نے دو ، یاسر اور نوید عالم نے ایک ایک گول کیا،سابق اولمپیئن خواجہ جنید اور قاسم خان نے بھی میچ کھیلا، کمشنر الیون کی جانب سے عابد اور رضوان نے ایک ایک گول کیا۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔سپورٹس بورڈ پنجاب سوئمنگ گالا سمن آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا جس میں سپر بوائے یحییٰ رہے۔

(جاری ہے)

انڈر 8میں سلمان بابر، انڈر10میں میکال فیصل، انڈر12میں مصطفیٰ فیصل، انڈر14میں ریبل اشتیاق اور انڈر16میں حسن اختر کامیاب رہے۔علاوہ ازیں ٹی 20کرکٹ میچ اتفاق کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا ،میچ کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور تھے ۔اس موقع پر انہوں نے بیٹنگ کی اور معروف اداکار شان نے باؤلنگ کرائی، میچ میں قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی، صدر لاہور کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔