وطن عزیزکو بانی پاکستان کی خواہشات کے مطابق اسلامی مملکت کے طور پر پیش کرنا ہوگا، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے عملی اور اجتماعی جدوجہد کا آغاز کر نا ناگزیر ہے ، تہنیتی پیغام

جمعرات 13 اگست 2015 22:19

اسلام آبا د ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) مملکت خدا داد پاکستان کے68ویں جشن آزادی کے پرمسرت موقع پرمرکزی سیکریٹریٹ سے جاری پاکستانی قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ تمام ملت پاکستان کووطن عزیزکے 68ویں یوم آزادی کی مبارک باد پیش کر تا ہوں ، تمام محب وطن پاکستانیو ں کو اس یوم آزادی پر پاکستان کی بقاء ، سلامتی اور خوشحالی کے لئے تجدید عہد اور اس کے دشمنوں سے جنگ کا عزم کر نا ہو گا ،وطن عزیزکو بانی پاکستان کی خواہشات کے مطابق اسلامی مملکت کے طور پر دنیاکے سامنے پیش کرنا ہوگا، مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال (رح)نے جس آزاد وطن کا خواب دیکھا تھا اور بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح (ر ح) نے جو آزاد وطن ہمارے پاس امانت کے طور پر چھوڑا تھا ، آج وہ آزادوطن دہشت گردی ، لا قانونیت، کرپشن اور طرح طرح کی بیماریوں کاشکار ہوچکا ہے ، افسوس کے اس وطن کے با اختیار ادارے بھی اب اس کے ساتھ با وفائی نہیں کر رہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری بیان کے مطابق انہوں ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان ایک مرتبہ پھر اہل وطن سے اس عزم کا اعادہ چاہتا ہے جو اس نے 67برس قبل تحریک آزادی کے دوران کیا تھا ،اس وطن کے باسی برطانیہ سامراج کی غلامی سے آزادی پا کر امریکہ سامراج کی غلامی میں چلے گئے ہیں ، کیا بانیان پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد یہ آزاد وطن امریکہ کی غلامی میں دینے کے لئے حاصل کیا تھا ، ہرگز نہیں ، یہ ہمارے خائن اور مفاد پرست سیاستدانوں کی ناقص داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، جس کا خمیازہ آج پاکستان کے 18کڑوڑ محب وطن عوام بھگت رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور قتل وغارت گری اس ملک کا مقدر بنادی گئی ،کرپشن اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ، انصاف اس ملک میں چراغ لے کر ڈھونڈنے سے نہیں ملتا ، روزانہ مساجد، امام بارگاہوں ، درباروں بازاروں اورچوراہوں پر بیگناہوں کے خون سے ہولی کھیلی جاتی ہے ،پاکستان کو دہشت گردوں کی چنگل سے آزاد کر وانے کے لئے اس یوم آزادی پر تمام محب وطن شیعہ ، سنی، ہندو، سکھ اور عیسائیوں کو یہ شہدائے تحریک پاکستان اور بانیان پاکستان کی ارواح سے عہد کرنا ہو گا کہ دہشت گردی کے خلاف عملی اور اجتماعی جدوجہد کا آغاز کر نا ہے ، یہ وطن خداوند متعال کی ایک نعمت برصغیر کے مسلمانوں کے لئے تھا اوررہے گا۔

متعلقہ عنوان :